متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ پی ٹی آئی کو کچلنے اور لوگوں کو پارٹی چھڑوانے سے ختم نہیں ہو گا۔
کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اُن وجوہات کو ختم کرنا ہوگا جن کی وجہ سے لوگ عمران خان اور پی ٹی آئی سے جڑے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ لوگ عمران خان کی محبت میں نہیں اس کے مخالفین کی نفرت میں پی ٹی آئی سے جڑے ہیں،
انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب اگر بلاول کو وزیرِ اعظم بنانا ہے تو کراچی والوں کو پہلے ان کا حق دو، کراچی کی آبادی سندھ کی کل آبادی سے 50 فیصد زیادہ ہے، شہر میں مسائل کی وجہ سندھ حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کوٹے سے سندھ کو 36 ہزار 3 سو 70ملین گیلن پانی ملتا ہے، اس میں سے کراچی کو 540 ملین گیلن ملتا ہے، لیاقت آباد والے پورے لاہور کے شہر سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ جعلی ڈومیسائل بنا کر اس شہر کے کوٹے کو بھی چھین رہے ہیں، اس شہر میں ایک نوکری نہیں دی گئی، رات کو بجلی نہیں اور صبح گیس نہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ حکومت سندھ کے طاقتور لوگ جس کی زمین پر چاہیں دیوار کھڑی کر لیں وہ زمین ان کی ہو گئی، سندھ کے وزیرِ اعلیٰ تعصب کی عینک نہیں اتار رہے۔