پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے جو پاکستان نے کیے وہ ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ تھا۔
لبرٹی چوک لاہور میں یوم تکبیر کے جلسے کے شرکاء سے آڈیو پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ میں پوری قوم کو یوم تکبیر پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو قوم کا امتحان تھا، اُس امتحان کی گھڑی میں اللّٰہ نے ان کا ہاتھ پکڑا اور درست فیصلے کی توفیق دی۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ دنیا نے ان پر دباؤ ڈالا اور پرکشش پیشکش کی گئی لیکن بھارتی ایٹمی دھماکوں کا پتا چلتے ہی انہوں نے جوابی ایٹمی دھماکوں کی ہدایت کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو ہم نے کیا وہ ’ایبسوٹلی ناٹ‘ تھا، پاکستان 9 مئی 2023ء جیسے دن کےلیے نہیں بلکہ 28 مئی 1998ء جیسے دن کےلیے بنا ہے۔
ن لیگی قائد نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پاکستان کو ایٹمی طاقت کے ساتھ معاشی طاقت بھی بنانا تھا، بدقسمتی سے کچھ لوگوں نے ہماری ٹانگیں کھینچنا شروع کردیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا دل و جان سے ملک کی خدمت کی۔ تینوں بار کسی نہ کسی بہانے ہماری حکومت ختم کی گئی۔
نواز شریف نے کہا کہ 9 مئی اور 28 مئی الگ الگ علامتیں ہیں۔ ایک تباہی و بربادی کی علامت ہے تو دوسری ترقی، خوشحالی اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے۔