• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی 3 گاڑیوں کو جوڈیشل کمپلیکس میں داخلے کی اجازت نہ ملی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

پی ٹی آئی لیگل کی ٹیم نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 3 گاڑیوں کی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں داخلے کی اجازت مانگی تاہم انہیں اجازت نہ ملی۔

عمران خان کی گاڑی کے ہمراہ جیمرز والی گاڑیاں بھی لاہور سے اسلام آباد آ رہی ہیں۔

رجسٹرار جوڈیشل کمپلیکس نے عمران خان کی 3 گاڑیوں کی جوڈیشل کمپلیکس میں داخلےکی درخواست مسترد کر دی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی ایک گاڑی کو داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ہمراہ جیمرز والی گاڑیاں جوڈیشل کمپلیکس میں داخل نہیں ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق رجسٹرار کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس پر تعینات سیکیورٹی کو اس ضمن میں پیغام پہنچا دیا گیا ہے۔

عمران کی گاڑی ہائیکورٹ میں لانے کی درخواست مسترد

عمران خان کی گاڑی کو ہائی کورٹ بلڈنگ میں لانے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔

عمران خان کے وکلاء نے رجسٹرار ہائی کورٹ کے پاس درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی تھی کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان کی 3 گاڑیوں کو داخلے کی اجازت دی جائے۔

سیکیورٹی برانچ نے عمران خان کی گاڑی کو ہائی کورٹ بلڈنگ میں لانے کی درخواست مسترد کر دی۔

نیب ٹیم جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئی

ادھر نیب کی ٹیم القادر ٹرسٹ سے متعلق دستاویزات کے ہمراہ جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئی جس میں تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر شامل ہیں۔

این سی اے 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ایک بجے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ہو گی۔

عمران خان لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان لاہور سے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔

عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ اسلام آباد آ رہے ہیں جہاں اسلام آباد ہائی کورٹ اور احتساب عدالت میں دونوں کی ضمانتوں کی درخواستوں پر آج سماعت ہو گی۔

عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ میں جبکہ بشریٰ بی بی احتساب عدالت میں پیش ہوں گی۔

قومی خبریں سے مزید