وزیراعظم شہباز شریف کے معاون برائے احتساب عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی آنکھوں میں دھول جھونکی۔
نیوز کانفرنس میں عرفان قادر نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈز منتقلی کیس میگا کرپشن اسکینڈل ہے، رقم پاکستان آئی لیکن ریاست پاکستان کو نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ این سی اے کو غلط فہمی ہوئی کہ 190 ملین پاؤنڈز ریاست پاکستان کو ملیں گے۔
وزیراعظم کے معاون برائے احتساب نے مزید کہا کہ پیسہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ڈال دیا اور لوگوں کو کہا گیا کہ دیکھیں پیسہ پاکستان تو آیا۔
اُنہوں نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ کا اکاؤنٹ ریاست پاکستان ہے؟ بیرون ملک سے ملنے والی رقم کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی نے اپنے واجبات کے طور پر سپریم کورٹ میں جمع کروادیا۔
عرفان قادر ایڈووکیٹ نے یہ بھی کہا کہ پیسے کے بدلے میں القادر ٹرسٹ قائم کیا گیا اور مفت میں فلاح کے نام پر زمین حاصل کی گئی۔
اُن کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں پیش کرتے ہوئے اس ایجنڈے کی زبان مبہم لکھی گئی، یہ ایک بہت واضح کیس ہے، جس میں کوئی ابہام نہیں ہے، یہ کیس چند منٹ سے زیادہ کی سماعت کا نہیں ہے۔