• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے بلدیاتی نمائندوں کیلئے نئے کونسل ہال کی تعمیر کا فیصلہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی کے بلدیاتی نمائندوں کے لیے نئے کونسل ہال کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹاؤن ہال کی تعمیر کے لیے تیار کردہ پرپوز پلان جیو نیوز نے حاصل کر لیا۔

کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے حکام کے مطابق نئے کونسل ہال کی عمارت یورپین طرز پر تعمیر کی جائے گی، الہ دین پارک کی جگہ زیر تعمیر باغ میں جدید ٹاؤن ہال بھی بنایا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پرانے کونسل ہال میں 309 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے، نئے انتخابات میں بلدیاتی نمائندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، نئے کونسل ہال میں 6 سو بلدیاتی نمائندوں کے بیٹھنے کی جگہ ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 72 ایکٹر رقبہ پر محیط باغ میں 12 ایکٹر پر جدید طرز کا ٹاؤن ہال تعمیر کیا جائے گا، کے ایم سی بلڈنگ کا موجودہ کونسل ہال 1932 میں تعمیر کیا گیا تھا۔

کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ میئر، ڈپٹی میئر، میونسپل کمشنر اور اپوزیشن لیڈر کے آفس بھی بنائے جائیں گے، ٹاون ہال کے ساتھ 450 گاڑیاں پارکنگ کرنے کی گنجائش رکھی جائے گی، مہمانوں کی گیلری، میڈیا گیلری، کیفے ٹیریا اور دیگر سہولتیں بھی موجود ہوں گی۔

حکام نے کہا کہ ٹاؤن ہال مستقبل میں سو سال کی ضروریات کی منصوبہ بندی پر تعمیر کیا جا رہا ہے، کونسل ہال کی تعمیر کے لیے نقشہ، ڈیزائن اور ماڈل کی تیاری آخری مراحل میں ہے، ٹاؤن ہال کی تعمیر کے باقاعدہ افتتاح چند روز میں متوقع ہے۔

ذرائع کے ایم سی کے مطابق ٹاؤن ہال کی تعمیر کا افتتاح شہریوں سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گورنر اور وزیرِ اعلیٰ شہریوں کے ہمراہ نئےٹاون ہال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 8 جون کو ٹاؤن ہال کی تعمیر کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے انعقاد کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید