• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی اداکاروں کیساتھ کھانا کھانے کی کوشش کی تو مجھے گریبان سے گھسیٹ کر باہر کردیا گیا، نواز الدین

فائل فوٹو
فائل فوٹو

گزشتہ دنوں گھریلو جھگڑوں کے باعث شہ سرخیوں کا حصہ بننے والے بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ایک بار مرکزی اداکاروں کے ساتھ کھانا کھانے کی کوشش کی تو گریبان سے گھسیٹ کر باہر کردیا گیا۔

خیال رہے کہ اداکار نواز الدین صدیقی کا تعلق بھارت کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے، جونیئر آرٹسٹ سے صف اول تک آنے میں انہیں سخت محنت سے گزرنا اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔

حالیہ انٹرویو میں انہوں نے انکشاف کیا کہ اب بھی بھارت میں کئی ایسے پروڈکشن ہاؤسز ہیں جہاں مرکزی اداکاروں اور معاون اداکاروں کے ساتھ مختلف رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بطور جونیئر آرٹسٹ مجھ سے کئی مرتبہ بدسلوکی کی گئی، سیٹ پر اسپاٹ بوائے سے پانی مانگتا تو وہ مکمل طور پر مجھے نظر انداز کردیتا جس کے بعد مجھے خود اُٹھ کر پانی پینا پڑتا جبکہ کھانے کے اوقات میں کاسٹ اور عملے کو الگ کردیا جاتا۔

جونیئر آرٹسٹ مرکزی اداکاروں سے علیحدہ ہوکر کھانا کھاتے ہیں، معاون اداکاروں کی اپنی جگہ ہے اور اسی طرح مرکزی اداکاروں کی اپنی جگہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اکثر مرکزی اداکاروں کے ساتھ کھانا کھانے کی کوشش کرتا تھا لیکن ایک بار مجھے گریبان سے گھسیٹ کر باہر کردیا گیا۔

تاہم اداکار کا کہنا ہے کہ کچھ پروڈکشن ہاؤسز ایسے بھی ہیں جہاں سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جاتا جیسے کہ یش راج فلمز وہاں سب مل کر ایک ساتھ کھانا کھاتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید