• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گھر میں 62 لاکھ چوری، 6 گاڑیاں، 30موٹر سائیکل بھی غائب

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 3گاڑیوں، ایک رکشے، 22موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائلز،نقدی اوردیگراشیاء جبکہ وفاقی دارالحکومت میں شہری تین گاڑیوں،آٹھ موٹر سائیکلوں، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائلز، لیپ ٹاپ سےمحروم ہوگئے ۔ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 21افرادسے جھپٹامارکران کے موبائل فون چھین لئے گئے ۔ تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ چکلالہ سکیم تھری میں ملک یاسر رضا کے کمرے کی الماری سے 62لاکھ روپے چرا لیے گئے۔ تھانہ سنگجانی پولیس کو ثمین نے بتایا کہ تین مسلح افراد نے میرے بھائی جہانگیر سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا۔ جیولری شاپ لوٹنے کے بعد ڈاکو گاڑی بھی چھین کر لے گئے ، تھانہ ترنول پولیس کووحید الرحمٰن نے بتایا کہ مسلح افراد فائرنگ کر کےگاڑی چھین کر فرار ہو گئے۔اسی دوران عثمان علی اور سیف اللہ نے بتایا کہ ہماری دکان سے ان افراد نے گن پوائنٹ پر جیولری و سونا چھیناہے۔تھانہ سٹی کے علاقہ محلہ وارث خان میں ملک عمیر کے گھر سے 3لاکھ روپے ،محلہ امام باڑامیں نیلم کے گھرسے 5لاکھ روپے اور سونا مالیتی 2لاکھ روپے ،چاندنی چوک میں عدنان احمد کی دکان کے تالے توڑ کر دکان سے لیپ ٹاپ اور7لاکھ25ہزارروپےچوری کرلئے گئے ۔تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود فراش ٹاؤن میں مامون الرشید سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل، نقدی چھین لی گئی ۔شہزاد ٹاؤن کی حدود میں اعجاز سے اسلحہ کی نوک پر دو لاکھ روپے،تھانہ نیلور کی حدودمیں اقبال سے اسلحہ کی نوک پر دو کالے تیتر،موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی۔دیگر وارداتیں تھانہ بنی، نیوٹاؤن، صادق آباد، آراے بازار، صدربیرونی، رتہ امرال ، کھنہ ، کوہسار ، رمنا، سیکرٹر یٹ ،بنی گالہ ،کوہسار ،کراچی کمپنی،شہزاد ٹاؤن کی حدود میں ہوئیں۔
اسلام آباد سے مزید