• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریمبو نے اہلیہ کے متنازع بیان کی وضاحت پیش کر دی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار افضل خان المعروف ریمبو حالیہ انٹرویو میں اپنی اہلیہ و اداکارہ صاحبہ کے بیٹیوں کی پیدائش سے متعلق متنازع بیان کی وضاحت پیش کرتے اور ان کا دفاع کرتے دکھائی دیئے۔

حال ہی میں اداکار افضل خان اور اہلیہ و اداکارہ صاحبہ نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور زندگی کے مختلف امور پر گفتگو کی۔

میزبان نے بیٹیوں کی پیدائش سے متعلق متنازع بیان کے حوالے سے سوال کیا تو اداکار ریمبو نے اپنی اہلیہ کا دفاع کرتے ہوئے اس بیان کی وضاحت پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ صاحبہ اپنی بات سمجھا نہیں پاتی ہیں ان کے کہنے کا مقصد یہ تھا کہ بیٹی صنف نازک ہے اور اسے کسی دکھ درد یا پریشانی میں دیکھ کر والدین کو بھی تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب صاحبہ ماں بننے والی تھیں تو یہ ہی سوچ کر پریشان ہوتی تھیں کہ اگر بیٹی پیدا ہوئی تو نہ جانے اس کا نصیب کیسا ہوگا یا کس گھر میں رخصت ہوکر جائے گی، رخصتی کا سوچ کر ہی رونا آجاتا تھا۔

اداکار کی بات کو مکمل کرتے ہوئے صاحبہ نے کہا کہ ہم دونوں ہی بیٹیوں کے حوالے سے بہت حساس ہیں، یہ بہت پیاری ہوتی ہیں، ریمبو تو کسی دوسرے کی بیٹی رخصت ہوتو بھی رو دیتے ہیں، اگر ہماری بیٹی ہوتی تو ہم شاید اس کی رخصتی نہیں کر پاتے۔ 

ریمبو نے بات کو مزید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ شکر ہے ہمارے بیٹے ہیں ورنہ تو بیٹی کے بغیر گھر نامکمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی بھانجی بھتیجیوں کو ہی اپنی بیٹیاں سمجھتے ہیں اور انہیں اپنے گھر رہنے کے لئے بلاتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید