• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی ٹی آئی کو سچ بتایا تو سائیڈ لائن کردیا گیا، فردوس عاشق


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑ کر جہانگیر ترین کی نئی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ میں شامل ہونے والی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر سے میرے لیے اچھی خواہشات کا اظہار نہیں تھا، جو جو چیئرمین پی ٹی آئی کے قریب تھا، بشریٰ بی بی کے ماضی سے واقف تھا اسے سائیڈ لائن کیا گیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جو کہانیاں آج چھپ رہی ہیں میں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے ہی بتا دیا تھا، واٹس ایپ پر پنجاب حکومت چلائی جا رہی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کو سچ سے آگاہ کیا تو مجھے پارٹی سے سائیڈ لائن کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی اس لیے نہیں چھوڑی تھی کہ مجھ پر کوئی پرچہ ہے، اس لیے چھوڑی کہ بشریٰ بی بی مجھے پسند نہیں کرتی تھیں، بشریٰ بی بی ہر اس شخص کو ناپسند کرتیں جو ان کی حقیقت سے واقف تھا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں وقت سے پہلے وہ سب کچھ نہیں کہنا چاہتی تھی جس پر لوگ یقین نہ کریں، آج تمام حقائق سب کے سامنے آ چکے ہیں، آج سب کو پتا چل چکا کہ پنجاب میں کیا موج مستی ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اکیلا انسان کامیاب نہیں ہوتا، ٹیم ورک سے کامیابی ملتی ہے، سیاسی لوگ عزت مانگتے ہیں اور عزت کیلئے سیاست کرتے ہیں، جس کا دل صاف ہو اسے مضبوطی سے کھڑے رہنا چاہیے، گھبرا کر شرما کر کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔

قومی خبریں سے مزید