• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اتنی ناامیدی کیوں؟

ہمیں کل ایک ٹی وی ٹاک شو میں اس بات پر بہت حیرت ہوئی کہ ایک شریک گفتگو نے کہا وزیر خزانہ نے بجٹ کی وضاحت ہنس کر کیوں پیش کی، کیا وہ سمجھتے تھے کہ رو رو کر وضاحت پیش کرتے؟ آخر کیا وجہ ہے کہ ہم غم و اندوہ میں قوم کو ڈالنا چاہتے ہیں، اگر وزیر خزانہ بجٹ بارے ناامیدی نارسائی کی باتیں کرتے تو کیا یہ اچھا ہوتا۔ ارباب حکومت اگر شکستہ دلی کا مظاہرہ کریں گے تو ملک میں آگے بڑھنے کی صلاحیت پیدا ہی نہیں ہوگی، ناامیدی جسےقرآن نے اللہ کی رحمت سے مایوسی قرار دیا اور اس سے منع کیا، آخر کیوں ہم اس سے چپکنے کو ترجیح دیتے ہیں، دستورِ خداوندی ہے کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے ہم نے مشکلات کا دریا تقریباً پار کرلیا ہے اب اگر باہمی اتحاد و اتفاق برقرار رکھنے کی کوشش کی تو سب اچھا ہو جائے گا یہ ہماری نیک نیتی پر منحصر ہے کہ اپنی معیشت کو ذاتی کے بجائے قومی مفاد کی خاطر آگے بڑھائیں، قرآن حکیم نے کتنا کامیاب طریقہ معیشت کو اوپر لے جانےکیلئے اس آیت میں بتایا کہ تم بہتری اس وقت تک ہر گز نہیں پا سکتے جب تک کہ تم دوسروں پر وہی کچھ خرچ نہ کرو جسےتم اپنے لئے پسند کرتے ہو، اگر اس آیت پر عمل کیا تو دولت کی تقسیم درست ہو جائے گی اور معاشرے میں اونچ نیچ ختم ہو جائے گی، حکومت وہی کامیاب کہ پوری قوم خوشحال ہو اور قوموں کی صف میں باعزت۔ ہماری گزارش ہے کہ امید کی شمع جلائے رکھیں اور چہرے پر خوشی کے آثار لے آئیں تاکہ دوسرا دیکھ کر جی اٹھے۔

٭٭٭٭

ماضی کے صدموں کی پکار

ماضی کے صدمے پکارتے ہیں کہ ہمیں مت بھلائو ہماری تلافی کرو تاکہ تمہیں ہمیں بھلا دینے کا جواز حاصل ہو اور روشن مستقبل ماضی کی تاریکیوں کو مٹا دے۔ یہی طریقہ ہے تاریک ماضی کے غم سے جان چھڑانے کا، جو قومیں ماضی کی تلخیوں سے سبق نہیں سیکھتیں ان کا ماضی ہوتا ہے نہ حال اور مستقبل،گویا وہ فنا کی وادیوں کی نذر ہو جاتی ہیں۔ ہم سے پہلے کتنی ہی قومیں اپنی اصلاح کو دھتکار کر بے نام و نشان ہوگئیں۔ انہیں سیدھا راستہ دکھایا گیا مگر انہوں نے رہبر ہی مار ڈالے ، ہر انسان میں خیر و شر میں فرق سمجھنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے اور وہ رہنما شناس بھی ہوتا ہے۔ مگر دانستہ راہ حق سے دوری اختیار کرتا ہے۔ ہم اپنے ہی ملک کے ماضی کا جائزہ لیں تو کبھی کسی نے ماضی کے حوادث کا مداوا کرنے کی کوشش نہیں کی، آج پاکستان کے پائوں دلدل میں ہیں مگر ہم مزید گہرائی کا سامان تو کر رہے ہیں امداد باہمی سے اس دلدل سے نکلنے کی سعی نہیں کرتے۔ لاالہٰ الا اللہ نے ہمیں جوڑ رکھا ہے اور ہم عاقبت نا اندیش اس جوڑ کو توڑ رہے ہیں، سیاست بہترین عبادت ہے اگر وہ واقعی سیاست ہو، سیاست کی بنیاد حسن ِاخلاق ہے جس سے ہماری سیاست کوسوں دور ہے، ماضی میں ہم نے جو نقصانات اٹھائے وہ دہائی دے رہے ہیں کہ اپنا نقصان پورا کرو اپنے وجود پر مت کھیلو، جان رکھو کہ نہ سمجھو گے تو مٹ جائو گے۔

٭٭٭٭

مشکل ہوگئی پیش گوئی

ملکی حالات کچھ ایسی صورت اختیار کر چکے ہیں کہ خود بڑے بڑے تجزیہ کاروں کے تجزیئے بھی اتنے واضح نہیںکہ کوئی حتمی بات کی جا سکے جو جہاں ہے وہ بھی متذبذب ہے کہ وہاں ہے بھی یا نہیں، ایک تو سیاسی ٹرین ہے جس کے چلنے کا کوئی علم نہیں البتہ جہاں ستارہ گرا ہے وہاں بھی کئی چشمے ابل پڑے ہیں، ایک ایسی حماقت سرزد ہوگئی ہے کہ سارے احمق ڈوری سے بندھے انجانے انجام کے خوف سے کپکپا رہے ہیں، یہ بھی پتہ نہیں کہ محض حماقت تھی یا سوچی سمجھی سازش، گھر کے خلاف سازش تو کوئی غیر کر سکتا ہے، اپنے دست و گریبان تو ہو جائیں گے لیکن اپنے گھر کو آگ نہیں لگائیں گے، ہمارے دانشوروں کی دانش ڈھلتی عمر میں جوان ہو جاتی تھی مگر اب یوں لگتا ہے کہ بڑھاپے کے ساتھ عقل بھی بوڑھی ہو جاتی ہے، کیا ہم اپنے جوانوں کو کچھ اچھاسکھانے کے قابل بھی نہ رہے، نوبت بہ ایں جا رسید کہ پنڈی کا پیشگو بھی راستے میں دم توڑتی پیش گوئی کرنے کےقابل نہ رہا۔ بے عقلی میں اتنا آگے نکل گئے کہ عقل ووٹ کشید کرنے پر ٹک گئی، جمہوریت، معیشت کا نام لیتے ہیں، بداخلاقی بدکلامی کا جام پیتے ہیں، قلم بپھر گیا ہے میرا کچھ بھی نہیں، اس لئے حرف شناس ناراض نہ ہو کہ قلم صاحب عقل ہو گیا ہے، قلمکار کی مت ماری گئی ہے، میں کسی تجزیہ کار قلمکار کی نہیں اپنی بات کر رہا ہوں، کیا مریخ سے کوئی جتھہ آیا تھا کہ ہمارے جذبات سے کھیل گیا، کیا یہاں ایسا بھی ہو سکتا تھا، اس کی پیشگوئی کیسے کی جاسکتی تھی۔

٭٭٭٭

بے نقط بجٹ

O ...نئی پارٹی کا اعلان، فواد چوہدری سر جھکائے بیٹھے رہے۔

شاید وہ ان کو نئی پارٹی نہیں لگ رہی تھی۔

O ... بجٹ آگیا کسی بھی نعمت کو برا نہیں کہنا چاہیے یہ کیا کم ہے کہ ہم بجٹ پیش کرنےکے قابل ہوئے، سرکاری ملازمین اپنی تنخواہ بڑھا سکتے ہیں نہ کم کر سکتے ہیں، اچھا خاصا اضافہ حکومت نے کردیا، حالانکہ حکومت ایک ٹانگ پر چل رہی ہے، اسحاق ڈارہماری معیشت کی ایسی ہڈی ہیں کہ لوگوں کو ان کی اوقات میں رکھتے ہیں، وہ پہلی نظر میں باوضو لگتے ہیں، ان کا غصہ اصلاحی اور خوشی مزاجی مہنگائی شکن، وہ روایتی وزیر خزانہ ہیں، خزانہ انہیں اپنے اوپر بیٹھنے کیلئے دور درازسے بلا لیتا ہے، ان کو دیکھ کر غریب بے سبب خوش ہو جاتا ہے۔

O ...اگر ملک اسی طرح گرم چشیدہ رہے گا تو سرد چشیدہ بھی ہو جائے گا۔ البتہ بندہ مفلس کے اوقات، مشکل ہے کہ تنگی سے نکل آئیں، نظام کچھ اس انداز کا ہے کہ جنم جنم کے امیر حکمران غریب کو امیر بنانا بھی چاہیں تو نہیں کر پاتے، ان کی نیت تو ہوتی ہے مگر امیری پھدک کر انہی کی جیب میں چلی جاتی ہے، بہرحال ہمارے بجٹ کا نقطہ ُاڑا ہوا ہوتا ہے۔

٭٭٭٭

تازہ ترین