بنگلا دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر میں حسینہ واجد نہیں بلکہ صرف سردی آئے گی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہمایوں کبیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
ان کا کہنا ہے کہ میں پہلے ہی سلہٹ میں ایک میٹنگ میں کہہ چکا ہوں کہ شیخ حسینہ دسمبر میں نہیں آئیں گی، دسمبر میں کوئی نہیں آئے گا، صرف سردی آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بنگلا دیش نے بھارت کو شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے باضابطہ درخواست دے رکھی ہے اور اب نئی دہلی کے جواب کا انتظار ہے۔
ہمایوں کبیر نے الزام عائد کیا کہ شیخ حسینہ کی بھارت میں موجودگی دونوں ملکوں کے تعلقات کے لیے ایک مسئلہ بنتی جا رہی ہے، بھارتی حکومت بھی اس صورتِ حال کی مشکلات محسوس کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت شیخ حسینہ کے علاوہ عوامی لیگ سے تعلق رکھنے والے دیگر مطلوب افراد کی بھی حوالگی چاہتی ہے۔
بنگلا دیشی وزیر نے کہا کہ پیسے دے کر اس خبر کو پھیلایا جا رہا ہے لیکن ہمیں حقیقت اور خواہش میں فرق کرنا ہو گا، حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردوں کو ملک میں واپس آ کر انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ یہ بس کچھ لوگوں کا خواب یا خواہش ہو سکتی ہے کہ وہ اپنے وطن واپس آ رہے ہیں لیکن وہ عام مسافر نہیں ہیں، اس لیے انہیں ہتھکڑیاں لگا کر سخت نگرانی میں ہی ملک واپس لایا جا سکتا ہے۔