• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی پر سائبر حملہ، آن لائن پلیٹ فارم عارضی طور پر معطل

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پیرس میں قائم بین الاقوامی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) نے سائبر حملے کے بعد اپنا آن لائن پلیٹ فارم ’اے ایف پی فورم‘ عارضی طور پر بند کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خبر رساں ایجنسی کی انتظامیہ نے سائبر حملوں کی تصدیق کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کی انتظامیہ کی جانب سے ارسال کردہ ایک داخلی ای میل کے مطابق سائبر حملہ پیرس کے مقامی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 30 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 30 منٹ) پر شروع ہوا، جس کا ہدف اے ایف پی فورم تھا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سائبر حملوں کا علم ہوا تو احتیاطی تدبیر کے طور پر آن لائن پلیٹ فارم کو آف لائن کر دیا، جو آئندہ اطلاع تک دستیاب نہیں ہو گا، مزید برآں بیرونی ماہرین کی معاونت سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، فی الحال ہمارے پاس حملے کے ذمے دار عناصر سے متعلق کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔

یہ پلیٹ فارم خبر رساں ایجنسی کے صارفین کو اس کے مواد تک رسائی، تلاش اور اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ایجنسی کے مطابق پلیٹ فارم تک رسائی بحال ہونے تک صارفین اور سبسکرائبرز کو متبادل سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ سائبر حملہ حالیہ مہینوں کے دوران فرانس اور دیگر ممالک میں کمپنیوں اور سرکاری اداروں کو نشانہ بنانے والے متعدد واقعات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔

ان میں سے بعض حملوں کی ذمے داری مالی مفادات کے حصول کے لیے سرگرم جرائم پیشہ گروہوں پر عائد کی گئی ہے، جب کہ دیگر حملوں کا مقصد عدم استحکام کو ہوا دینا بتایا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید