• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکیہ: غوطہ خور کو سمندر کی تہہ سے کالے جادو میں استعمال ہونے والی پُراسرار گڑیا مل گئی

—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصاویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

ترکیہ کے ساحلی شہر انطالیہ میں غوطہ خور کو سمندر کی تہہ سے پُراسرار ’ووڈو ڈول‘ گڑیا مل گئی۔

ووڈو ڈول سے مراد کپڑے، مٹی، یا لکڑی سے بنی وہ گڑیا ہے جسے جادو کے مختلف مقاصد و رسومات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انطالیہ کے ساحل کے قریب سے غوطہ خور کو سمندر کی تہہ میں دبا ہوا لکڑی کا ایک پُراسرار ڈبہ ملا، جس میں سوئیوں اور غیر معمولی علامات سے مزین رسی سے بنی ایک گڑیا برآمد ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق غوطہ خور کا خیال ہے کہ یہ گڑیا ممکنہ طور پر ووڈو سے متعلق کسی رسم میں استعمال کی گئی ہو گی۔

36 سالہ علی کلیچ گزشتہ 14 برس سے پیشہ ور غوطہ خور کے طور پر کام کر رہے ہیں، جو سمندر کی صفائی پر مامور ہیں، انہیں یہ پُراسرار شے ایک ساتھی کے ہمراہ غوطہ خوری کے دوران ملی۔

ان کے مطابق مذکوہ ڈبہ زنجیروں میں مضبوطی سے جکڑا ہوا تھا اور ریت میں دبا ہوا تھا، جس کے اندر ہاتھ سے تیار کردہ ایک گڑیا موجود تھی، جس کے سر اور جسم کے مختلف حصوں میں سوئیاں پیوست تھیں۔

اس دریافت نے اس وقت غیر متوقع رخ اختیار کیا جب غوطہ خوروں نے ڈبے سے گندھک (Sulfur) جیسی بو آنے کی اطلاع دی، جبکہ گھر واپس پہنچنے کے بعد دونوں کو سر درد کی شکایت بھی ہوئی۔

علی کلیچ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سمندر کی تہہ سے کئی تالے بھی نکال چکا ہوں لیکن میں نے کبھی اس گڑیا جیسی کوئی چیز نہیں دیکھی۔

واضح رہے کہ اس گڑیا کے اصل مقصد اور اس کی تاریخ کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید