قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے بشریٰ بی بی اور اعظم خان کو طلب کرنے کےنوٹسز جاری کردیے ہیں۔
برطانوی کرائم ایجنسی (این سی اے) 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کے معاملے پر نیب راولپنڈی نے بشریٰ بی بی کو 22 جون کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
نیب سمن میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کو 13 جون کو طلب کیا گیا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئیں۔
نیب نے سمن میں بشریٰ بی بی کو القادر ٹرسٹ کے حوالے سے تمام دستاویزات لانے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری طرف اعظم خان کی طلبی کا بھی نیب نے نوٹس جاری کیا اور انہیں 19 جون کو راولپنڈی دفتر میں بلایا ہے۔
اعظم خان کو اس سے قبل 6 جون کو طلب کیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اعظم خان نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے 19 جون 10 بجے پیش ہوں۔
نیب نوٹس میں اعظم خان کو کیس سے متعلق دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی اور کہا کہ بطور گواہ نیب میں اپنے بیان ریکارڈ کروائیں۔