لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر رات کی متبادل شفٹ میں دو ہفتوں سے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق رات میں اگر کوئی طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی میں لینڈ کرتا ہے تو ایئرپورٹ پر کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہوگا۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر رات کی شفٹ میں جس ڈاکٹر کی ڈیوٹی تھی وہ ایک ماہ کی چھٹی پر ہیں۔
دو ہفتے گزرنے کے باوجود اُن کی جگہ پر تاحال کسی دوسرے ڈاکٹر کو تعینات نہیں کیا گیا ہے، رات کی شفٹ میں ڈاکٹر کی جگہ صرف ایک نرس موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق رات کو ایئرپورٹ پر کسی مسافر کی طبیعت خراب ہوجائے یا میڈیکل ایمرجنسی میں کوئی طیارہ لینڈنگ کرے تو ڈاکٹر موجود نہیں ہوگا۔
ترجمان سی اے اے کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر چیف میڈیکل افسر رات کو میڈیکل ایمرجنسی کے لیے آن کال ہوتا ہے جبکہ وفاقی وزارت صحت کا ڈاکٹر بھی ایئرپورٹ پر ہوتا ہے۔