جنوبی کوریا کے نوجوان نے اپنی طبیعت خراب محسوس ہونے پر جہاز میں سوار دیگر مسافروں اور عملے کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 19 سالہ کوریائی شخص نے سینے پر دباؤ کی شکایت کے بعد ہوائی جہاز کا دروازہ پرواز کے دوران کھولنے کی کوشش کی تو اسے ایسا کرنے سے روک دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق مسافر طیارہ فلپائن سے سیئول جا رہا تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 19 سالہ شخص نے پرواز میں تقریباً ایک گھنٹے بعد عجیب و غریب حرکتیں کرنا شروع کر دیں جس پر حکام نے اس شخص کو طیارے کی اگلی قطار سے ہٹا کر جہاز سے باہر نکلنے والے دروازے کے قریب بٹھا دیا تاکہ عملہ اس کی نگرانی کر سکے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیٹ بدلنے کے فوراً بعد مسافر نے ایمرجنسی دروازے کی طرف بڑھ کر اسے کھولنے کی کوشش کی۔
اس حوالے سے ایئرلائن انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ مسافر کو عملے نے فوری طور پکڑ لیا اور باقی پرواز کے لیے اسے قابو میں رکھنے کے لیے باندھ دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سارے واقعے کے دوران کسی مسافر یا جہاز کے کسی بھی سامان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سیئول ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد مسافر کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جہاں اس کا منشیات کا ٹیسٹ مثبت آیا۔