کراچی (اسٹاف رپورٹر) اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے حتمی شیڈول اعلان 27 جون کیے جانے کا امکان ہے۔ شیڈول ممکنہ طور پر ورلڈکپ کے 100 روز کے کاؤنٹ ڈاؤن کے موقع پرسامنے لایا جاسکتا ہے ۔ ٹورنامنٹ 5 اکتوبر سے کھیلا جائے گا، جس کا 100 روزہ کاؤنٹ ڈاؤن 27 جون سے شروع ہوگا۔ شیڈول میں تاخیر کی وجہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات بتائے جارہے ہیں۔ تاہم بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی اور بھارتی بورڈ نے پاکستان کے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست مستردکردہی ہے۔ یہ فیصلہ بی سی سی آئی اور آئی سی سی حکام کے درمیان میٹنگ میں کیا گیا۔ آئی سی سی نے اس سےپی سی بی کو باضابطہ طورپر آگاہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان نے چنئی اور بنگلورو کے میچزکے وینیوزکی تبدیلی کی درخواست کی تھی۔ چنئی میں افغانستان جبکہ بنگلورو میں آسٹریلیا سےمیچ کھیلناہے، بھارتی میڈیا کےمطابق میچز انہیں مقامات پر ہونگے ،تبدیلی صرف سیکورٹی خدشات کے باعث ہی ہوسکتی ہے۔ دوسری صورت میں وینیوز تبدیل کرنے کیلئے مضبوط وجہ بتانا ضروری ہے ۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کا میچ احمد آباد میں ہی ہو گا۔