لندن (نیوز ایجنسیز ) دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر پیر سے شروع ہونے والے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مسلح پولیس تعینات کی جائے گی۔ خطرات کے پیش نظر لندن کے مشہور ارینا کے اندر اور باہر مسلح پولیس افسران گشت کریں گے۔ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں پانچ لاکھ شائقین کی لندن آمد کا امکان ہے اور ایک رپورٹ کے مطابق آل انگلینڈ کلب کے حکام نے شائقین کی حفاظت کیلئے اپنے نجی سیکورٹی اسٹاف میں بھی اضافہ کر لیا ہے۔ ومبلڈن کے ترجمان نے کہا کہ اس مرتبہ پہلے کی نسبت زیادہ سیکیورٹی رکھی جائے گی۔ جس طرح کے حالات چل رہے ہیں اس کے پیش نظر آپ کچھ بھی توقع کر سکتے ہیں، ہم پورا سال میٹرو پولیٹن پولیس اور دیگر حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں تاکہ جامع منصوبے بنا سکیں۔