پاکستان اور بھارت کے تاریخی مقابلے سے قبل احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان کو چھونے لگے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت کی تصدیق نہیں ہوئی لیکن جیسے ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اس بات کی تصدیق کی کہ گرین شرٹس احمدآباد میں روایتی حریف بھارت کے مدِ مقابل ہوں گے تو فوراََ ہی بھارتی شہر احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے آسمان کو چھونے لگے۔
کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ مقبول میچ کو دیکھنے کی بے مثال مانگ نے ہوٹلوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ احمد آباد میں ہوٹلوں کے کرائے تقریباً دس گنا تک بڑھ گئے ہیں، بہت سے ہوٹل تو میچ کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد پہلے ہی دن بُک ہو گئے تھے اور کچھ ہوٹل بُکنگ کے لیے 1 لاکھ بھارتی روپے کے قریب رقم بھی وصول کر رہے ہیں۔
البتہ، عام دنوں میں احمد آباد میں ہوٹل کے ایک کمرے کی بُکنگ کے لیے تقریباً 5000 سے 8000 بھارتی روپے وصول کیے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ آخری بار پاکستان اور بھارت کا سامنا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں گزشتہ سال میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوا تھا جہاں 90 ہزار سے زائد لوگ مقابلہ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔
واضح رہے کہ اب توقع ہے کہ روایتی حریف 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔