• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید، صبر، شکر، انتظار

پاکستان کو امید، صبر، شکر اور انتظار کی ضرورت ہے۔ ماضی کی تلخیوں، تکلیف دہ واقعات اور معاشی غلطیوں کو پس پشت ڈال کر ایک مدبر قوم کی صورت میں اپنے تابناک مستقبل کے لئے ہمارا ملک گیر اتحاد ناگزیر ہے، فرض نبھانے کے بجائے نوکری بچانے ہی کا نتیجہ ہے کہ آج وطنِ عزیز وطن ِغریب بن چکا ہے اور غریب مہنگائی کی نذر ہو چکا ہے۔ بددیانتی اوپر سے نیچے تک موجود اور نیچے والے فضول خرچی تو کجا ضروریات زندگی بھی پوری نہیں کرسکتے۔ یہ حالت زار، ناامیدی، بے صبری، ناشکری اور انتظار نہ کرنے کے باعث پیدا ہوئی، جب پیدا کرنے والی ہستی نے اپنی رحمت سے ناامید ہونے سے منع فرمایا ہے تو صبر و شکر کے ساتھ رحمت خداوندی کا انتظار کیوں نہیں کیا جاتا، اب بھی اگر نوشتہ دیوار پڑھ کر سنبھل جائیں تو کم از کم شہر اقتدار میں آٹا تو میسر ہو، اشرافیہ کو دیکھیں کہ اس کے کتنے طبقے ہیں، ایک وہ جو پاکستان کا پانی بھی نہیںپیتا، سودا سلف مغربی ممالک سے خریدتا ہے اور ایک طبقہ وہ بھی ہے جو بڑے شہروں کے اعلیٰ شاپنگ مالز سے خریداری کرتے وقت قیمت بھی نہیں پوچھتا اتنا کہہ دیتا ہے کہ پیک کر دو۔ اگر ملک کے کرتا دھرتا لوگوں کےبارے پوچھنا ہو تو غریب سے پوچھو جس کے ماتھے پر لکھا ہے ؎

شام ہی سے بجھا سا رہتا ہے

دل ہوا ہے چراغ مفلس کا

٭٭٭٭

چوتھا ستون

صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، اس کی اہمیت اس بات سے لگائیں کہ اگر چار ستونوں پر کھڑی عمارت کا ایک ستون گر جائے تو عمارت کا انجام کیا ہوگا۔ صحافی کی اکثرمصروفیت آئوٹ ڈور ہوتی ہےقوم کو زندگی کایہی شعبہ بیدار رکھتا ہے اور یہ باقی تین ستونوں کو بھی کھڑا رکھتا ہے، الغرض یہ چاروں ستون بقائے باہمی کے اصول پر قائم دائم رہتے ہیں، ہمیں اس چوتھے ستون کی پالیسی پر اس وقت افسوس ہوا جب ایک وفاقی وزیر کا دستِ شفقت ایک صحافی کے رخسار پر بھرے میلےمیں پڑا۔ صحافی بھلا کیا کرسکتا تھا وہ وفاقی وزیر تو نہیں تھا۔ ہماری وزیراعظم پاکستان سے گزارش ہے کہ وہ اپنی کا بینہ کیلئے ضابطہ بنائیں تاکہ ریاست کا چوتھا ستون سرعام کسی کابینہ ممبر کے ہاتھوں توہین رخسار کا اعزاز نہ پائے، صحافت کی درسگاہوں میں ایک چیپٹر حقوق صحافیاں کا بھی پڑھایا جائے یا کم از کم پارلیمنٹ میں گم شدہ صحافیوں کی بازیابی کا بل پیش کیا جائے، کیا جرنلزم اس قدر بے وقعت ہوگئی ہے کہ اس کا دائرہ صرف پابندی ِ صحافت تک محدود کر دیا گیا ہے، ارباب حکومت کا صحافیوں سے رویہ صحافت کی بے حرمتی تک جا پہنچا ہے، بہرحال اہل صحافت کو اپنے پیشے کی توقیر کا خود خیال رکھنا ہوگا۔ سوشل میڈیا نے الیکٹرونک میڈیا کو بھی نشانے پر رکھا ہوا ہے، میڈیا کا جائز استعمال ہی اس کو اس کی کھوئی ہوئی عزت واپس دلا سکتا ہے، ہر شعبہ باہمی اتحاد کے زور پر اپنے رول کو موثربنا سکتا ہے۔ آج یہ حال ہے کہ حقوق صحافت کی تکمیل کی طرف کوئی توجہ نہیں۔

٭٭٭٭

عید کے بعد پھر ان شاء اللہ عید

عید گزر گئی، ٹنوں من گوشت مسلمانان پاکستان کے پیٹ میں اتر گیا، گوشت کی طاقت سے امید کے برآنے کی توقع مضبوط ہوئی، اللہ کو گوشت نہیں چاہیے وہ ہماری نیت کو دیکھتا ہے، مسلمان بھی اپنے مطلب کی چیز پر نظر رکھتا ہے، نیت بھی رکھتا ہےمگر اس کا باربی کیو کرلیتا ہے لیکن ایسے مسلمین کی بھی کمی نہیں جو قربانی کاگوشت شرعی لحاظ سے تقسیم کرتے ہیں، عید الاضحی پر یہ نکتہ بھی کھل جاتا ہے کہ قربانی کے جانوروں کو صم، بکم، عمی کیوں بنایا اگر اسے بھنک بھی پڑ جائے کہ اسے ذبح کیے جانے کے لئے سبز چارہ دکھایا جارہا ہے تو سنت ابراہیمؑ کو چھوڑ جنگل کا رخ کر لیتے۔ بہرحال عید قربان میں اسلامی ممالک کو کاروبار میں اچھا خاصا منافع حاصل ہوتاہے، حلال جانور مسلمانوں کیلئے نفع بخش فصل ہیں، اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ جانور پالنے کا کاروبار بڑھ رہا ہے، بیوپاری جتنے جانور بیچتے ہیں اس سے زیادہ پیدا کرتے ہیں، سنت ابراہیمؑ پر عمل کرنے میں دین و دنیا کی کامیابی ہے۔ ہمارے لئے زراعت اور عید الاضحی میں بے شمار منافع ہے، لوگوں کا قربانی کا شوق مہنگائی کے باوجود بڑھتا جا رہا ہے، زراعت اور قربانی کرنے اور فصلیں اگانے کے ذریعےعام آدمی بھی اس قابل ہوگا کہ سنت ابراہیمیؑ نہایت آسانی سے کر سکے۔ عید کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے باعث وطن میں خوشحالی عام ہوگی۔

٭٭٭٭

ہر فرد ہے حکومت کیلئے فٹ

O... عید کے بعد سیاست کی منڈی زوروں پر ہوگی، پارٹیاں کچھ اُگ گئی ہیں کچھ کے بیج بوئے جا رہے ہیں، حکومت سازی تو ہوگی مگر بازی ہوگی، ابھی جوڑ توڑ ہوگا مگر ہمیں زیادہ ممکن نظر آ رہا ہے کہ دو کو ایک کرکے حکومت بنے گی باقی ماندہ اتحادی ہوں گے اور کچھ ایسی اپوزیشن میں ہوں گےکہ ان کے امکانات وسیع ہوں گے۔ الغرض سب کے سب سیاست کیلئے فٹ ہوں گے اور کوئی بھی کسی جانب رخ کر سکے گا۔

O... مہنگائی کے اگرچہ کئی اسباب ہیں مگر دکاندار اس کارِجاں گسل میں ایسا کردار ادا کرتا ہے کہ مہنگائی کتنی بڑھ جائے دکاندار کا منافع برقرار رہتا ہے، کیونکہ ہر چیز خریدار کو دکاندار کے ہاتھ منتقل ہوتی ہے۔ اس لئے دکاندار بڑھتی قیمت پر اپنی طرف سے کچھ نہ بڑھائے، ورنہ ایسا گھاٹا ہوگا جس کے بعد کبھی منافع نہیں ہوگا، منافع لیں، مگر جائز اور اسے عمرہ، حج کے ذریعے جائز بنانے کی کوشش نہ کی جائے کہ اللہ کبھی کسی کے مکر میں نہیں آتا۔

تازہ ترین