• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعرہ: حمیدہ کشش

صفحات: 112، قیمت: 800 روپے

ناشر: ویلکم مارکیٹنگ، کراچی، پاکستان۔

فون نمبر: 8406751 - 0315

حمیدہ کشش بنیادی طور پر شاعرہ ہیں، لیکن ایک افسانہ نگار کی حیثیت بھی اُن کی نمایاں شناخت ہے، پبلشنگ کا ایک ادارہ بھی چلا رہی ہیں۔ مختلف موضوعات پر اُن کی13کتابیں منظرِ عام پر آچُکی ہیں اور اُنہوں نے شاعری کی تقریباً تمام اصناف میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دِکھائے ہیں۔ ہمارے پیشِ نظر اُن کے ہائیکوز کا مجموعہ ہے، جس میں اُنہوں نے ہر اُس موضوع کا احاطہ کیا ہے، جو زندگی کی رعنائیوں سے عبارت ہے۔ حمیدہ کشش کی سب سے بڑی خُوبی یہ ہے کہ وہ جس میدان میں بھی قدم رکھتی ہیں، اُن کا فن اُن کی رہنمائی کرتا ہے۔ 

واضح رہے کہ ہائیکو کو پہلے’’ ہائی کائی‘‘ کے نام سے جانا جاتا تھا، پھر اسے’’ ہائیکو‘‘ کا نام دے دیا گیا اور آج یہ پوری دنیا میں اِسی نام سے مشہور ہے۔ یہ شعری مجموعہ جاپان اور جاپانی شعری روایت سے محبّت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جب کہ مجموعے میں پروفیسر سحر انصاری، رانا خالد محمود قیصر اور انیس جعفری کے توصیفی مضامین شامل ہیں، جن سے بھی کتاب کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ پروفیسر سحر انصاری کی رائے ہے کہ’’مشہور جاپانی شاعر’’باشو‘‘ نے اِس صنفِ سخن کو روشناس کروایا، تو ہائیکو کی جدّت نے ایک عالم کو اپنی جانب متوجّہ کرلیا۔ حمیدہ کشش نے بھی ہائیکو کی کشش کو محسوس کیا اور اس میں کئی سو ہائیکو کہہ ڈالے۔‘‘یقیناً یہ الفاظ حمیدہ کشش کے لیے ایک سند ہیں۔