وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے، پروجیکٹ کی استعداد کار 10ہزار میگا واٹ ہے۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجدید توانائی کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں یو اے ای نے پاکستان کا ساتھ دیا، آئی ایم ایف ڈیل کے دوران یو اے ای کا کردار کلیدی رہا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر صنعت نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی میں تعاون پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شکر گزار ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
کوپ 28 کے صدر ڈاکٹر سلطان الجابر کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے، متحدہ عرب امارات توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔