• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ: چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لیہ میں زمین کے انتقال کیس میں مبینہ بےضابطگیوں کے کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ زمین کی منتقلی عظمیٰ خان اور ان کے شوہر احد مجید کے نام ہوئی، جب یہ انتقال درج اور پاس ہوئے اس وقت چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم تھے، جو انتقال درج ہوا اس کا بک نمبر درج نہیں کیا گیا۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ پٹواری کا ریکارڈ کدھر ہے، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ پٹواری ریکارڈ لے کر فرار ہوگیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ پٹواری ریکارڈ لے کر غائب ہوجائے، درخواست گزار کے خلاف الزامات ثابت کریں کسی اور کا کیس ہمارے سامنے نہیں، اس سارے معاملے کی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہیں، جو آپ نے بتایا اس سے لگتا ہےکہ کوئی گڑ بڑ ہوئی ہے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ اس موضع کا ایک لاکھ ایکڑ کا مشترکہ کھاتہ ہے، عدالت نے کہا کہ اس کا مطلب ہے بیچنے والے اسی کھاتے میں مزید اراضی کے مالک ہو سکتے ہیں، اگر کسی کی اراضی یا گھر چھین لیا جائے تو کوئی چپ نہیں رہتا۔

بشریٰ بی بی کی اینٹی کرپشن کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت

لاہور ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی اینٹی کرپشن کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے کرپشن کا مقدمہ درج کیا ہے، تحقیقات میں شامل ہونا چاہتے ہیں، پولیس کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرے۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کردی، ملزمان کو 2 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید