وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا، لاتعداد وڈیوز، بیانات اور ناقابلِ تردید شواہد کی موجودگی، پروپیگنڈے اور جھوٹ پر مبنی ہر ٹوئٹ پر کہیں بھاری ہے۔
ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ شہدا کی یادگاریں، ریڈیو پاکستان کی خاکستر عمارت ہر جھوٹے کو جھوٹا ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللّٰہ کا شکر ہے قائد نواز شریف سمیت ہمیں بطور جماعت ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔ پاکستان ہی نہیں برطانوی عدالتوں کے فیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال کا جواب موجود ہے۔ تازہ ترین مثال احتساب عدالت لاہور کا پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کا فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ نواز شریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنے، کیس تھا نہیں، بنایا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس جھوٹ کو ریفرنس کا نام دینے والے گناہ گاروں کو اللّٰہ اور عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ یہ بھی وہ کر سکتا ہے جس کے دل میں خوف خدا ہو۔
وزیراعظم نے کہا کہ توبہ کی توفیق سے محروم عذر گناہ بدتر از گناہ کی عبرت ناک مثال بن جاتےہیں۔