• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ، قریبی تعاون اور اشتراک پر اتفاق

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے جس میں قریبی تعلق اور اشتراک عمل سے کام جاری رکھنے پراتفاق کیا گیا ہے۔

اس دوران وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی پاکستان میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو اور مہلک بیماریوں سے بچاؤ اور غذائیت کی کمی پر قابو پانا حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وسائل میں سب کی شمولیت کے لیے موجودہ حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے، بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر بل گیٹس نے وزیراعظم کی لیڈرشپ اور انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پولیو سے بچاؤ کے لیے پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم اور بل گیٹس نے غذائیت کی کمی اور بیماریوں سے بچاﺅ کی لازمی خدمات پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے راست اور قومی بچت پروگرام کو ڈیجیٹل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم اور بل گیٹس نے قریبی تعاون اور اشتراک عمل سے کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاﺅنڈیشن پاکستان میں صحت عامہ اور دیگر سماجی بہبود کے پروگرامز چلا رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید