وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں یا ہمارے دوسرے زعما بیرون ممالک جاتے ہیں، جب بیرون ممالک میں ہمارا استقبال کیا جاتا ہے تو میں ان لوگوں کے چہروں کو دیکھتا ہوں، استقبال کرنے والوں کے چہرے کہہ رہے ہوتے ہیں کہ یہ آ گئے ہم سے پیسہ مانگنے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پشاور میں فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کا افتتاح کر دیا اور باصلاحیت طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھکاری پن کے خاتمے کے لیے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آج میرے لیے بہت خوشی اور اطمینان کا دن ہے، خیبرپختونخوا نے پاکستان کو دہشت گردی سے بچانے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، ایک لاکھ لیپ ٹاپس پورے پاکستان میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے سوال کیا کہ پاکستان کو کس کی نظر لگ گئی؟ ملک رونے دھونے سے نہیں بلکہ محنت اور جدوجہد سے خوشحال ہوتے ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام خوشی سے نہیں مجبوری سے قبول کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی سے سبق سیکھنا ہو گا، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی تعلیمات کو لے کر آگے بڑھنا ہو گا، بےروزگاری ختم ہو گی، ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گا، ملک میں خوشحالی ہو گی، ہم میں صرف ایک چیز کی کمی ہے اور وہ ہے ’ول ٹو ڈو‘۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمسایہ اگر ہم سے آگے نکل گیا ہے تو قصور ہمارا ہے، یہ لمحہ فکریہ ہے، لمحہ فخریہ نہیں، نوے کی دہائی میں پاکستانی روپیہ بھارتی روپے سے زیادہ تھا، کپاس کی برآمد بھارت سے زیادہ تھی، ملک صرف محنت اور مسلسل جدوجہد کی وجہ سے کامیاب ہوتے ہیں، سب متحد ہو کر کام کریں گے تو پاکستان خوشحال ہو گا۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ لیپ ٹاپس کی تقسیم سے ملک میں کلاشنکوف کا کلچر ختم ہو گا، لیپ ٹاپ کا منصوبہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں شروع کیا تھا، تمام تر مشکلات کے باوجود لیپ ٹاپس طالب علموں میں تقسیم کر رہے ہیں، ایک بھی لیپ ٹاپ سفارش پر نہیں دیا جائے گا، صرف اور صرف میرٹ پر لیپ ٹاپس کی تقسیم ہو گی، دوبارہ موقع ملا تو صوبے کی آبادی کے تناسب سے لیپ ٹاپس دیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ زراعت اور صنعتوں میں انقلاب لانا ہو گا، زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور برآمدات کے لیے جامع پالیسیاں مرتب کی جا رہی ہیں، آئیں مل کر ملک کی تقدیر بدل دیں، مہنگائی اور بے روز گاری کا خاتمہ کریں گے، آئندہ چند سال میں پاکستان خطے میں خوشحال اور ترقی یافتہ ملک ہو گا، سفارش اور کرپشن نے ملک کی جڑوں کو تباہ کر دیا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے دو ارب ڈالر پاکستان کے خزانےمیں آچکے ہیں، سعودی ولی عہد ،سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔