وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی منظوری کے بعد معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ فائیو کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ ملکی معیشت بہت خراب حالت میں رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی معاونت پر شکر گزار ہیں، پچھلے 4 ماہ میں پاکستان کی معیشت کو بچانے کے لیے چین نے متعدد اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 سستی توانائی کے حصول کی جانب قدم ہے۔
واضح رہے کہ چشمہ 5 کی استعداد کو 1100 میگا واٹ سے بڑھا کر 1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے۔ معاہدے پر 2017ء میں دستخط ہوئے، منصوبہ 5 برس التواء کا شکار رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ملک میں کم لاگت اور ماحول دوست بجلی کے وژن کے تحت اس منصوبے پر کام کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے مرکزی کیمپس کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب تک امیر و غریب کے درمیان تعلیم کے میدان میں تفریق ختم نہ ہو قائد و اقبال کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امید ہے ہنر مند نوجوان دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔