مذہبی جنون دین نہیں
مذہب اور دین دو مختلف شعبے ہیں دین کُل ہے اور مذہب جزو ۔دین ہر شعبے میں صحیح راستے پر چلنے کا نام ہے مذہب دین کی جزئیات پر اپنی اپنی رائے کا اظہار ہے جو کہ حتمی نہیں کیونکہ وہ افراد کا مکتب فکر ہے اور دین ایک اٹل صالح حقیقت ہے کہ انسانیت کومشیت ارتقا کی طرف لے جاتی ہے۔ آج کے دور میں دین کو مذہب بنا کر فکر ی استحصال کیا جاتا ہے اور مذہبی جنون برپا کرکے انسانوں کو غیر انسانی مقاصد کے حصول میں الجھا کر ذاتی مفادات کا بھیانک کھیل کھیلا جاتا ہے ،مذہب کی آڑ میں مذہب و دین میں فرق مٹا کر اس دنیا کی ہیئت کو مسخ کرکے اچھائی کو برائی انجام دینے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اس سے بڑا جرم کیا ہوسکتا ہے؟ شرپسند عناصر کو یہ معلوم ہے کہ اس دنیا میں دو ارب مسلمان ایک آسمانی کتاب کے حامل ہیں اس کتاب میں پوری انسانیت کی فلاح اور عالمی امن کی ہدایات و تعلیمات کے ایسے تیر بہدف نسخے موجود ہیں کہ ان سے لوگوں کو دور رکھنا ضروری ہے یہی وجہ ہے کہ ایک زمانے سے عالم اسلام کو بھڑکانے کیلئے اسلاموفوبیا کو ہوا دی جاتی ہے دراصل ڈر ہے کہ کہیں مسلمان اپنی آفاقی کتاب پر عمل شروع نہ کر دیں، اس لئے کبھی پیغمبر اسلام اور کبھی قرآن مجید کی توہین کرکے مسلم امہ کی دل آزاری کی جاتی ہے ۔مذہبی جنون کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں یہ صرف اسلام کش سازش ہے مقدسات اسلامیہ کی اہانت کا جواب علم دے سکتا ہے اس لئے مسلمان سکالرز اس کا علمی جواب دیکر اس مذہبی جنون کو مات دے سکتے ہیں یہ مغرب کی کامیابی ہے کہ خود عالم اسلام میں مذہب کو جنون بنا دیا گیا اور اسلام جو ایک دین ہے اسے فقط ایک مکتب فکر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے مشتری ہوشیار۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
دو خوشخبریاں
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک خوشخبری آئی ایم ایف سے اگلوائی دوسری اپنی زبان مبارک سے کہ 14اگست کو وہ اسمبلیاں تحلیل کرکے الیکشن کی جانب سب کو رواں دواں کر دینگے۔ ملک میں مہنگائی اور سیاست کا زور یکساں ہے کشکول شکنی آسان نہیں کیونکہ ہم سب نے ملکر اسے بہت مضبوط بنایا ہے مگر ایک ضرب سے یہ پارہ پارہ ہو سکتا ہے تمام سیاسی جماعتیں اگر معیشت مستحکم کرنے کے یک نقطہ منشور پر جم جائیں ،حکومت کسی کو بھی ملے درد ایک ہے تو درماں کرنے پر یک زباں ہو جائیں اور ایک ایسا سیاسی ڈھانچہ بنے کہ حزب اقتدار و حزب اختلاف دونوں حق سچ رائج کرنےمیں کوئی کسر نہ چھوڑیں ،ہمارا اختلاف و اتفاق ایک ہی قبلہ رکھے ہمارا ملکی مفاد ہی تو ہمارا ذاتی مفاد ہے، اللہ جل جلالہ نے ہمیں مضبوط عسکر اسلام سے نوازا ہے اسے قدر کی نگاہ سے دیکھیں اس میں ہی ہمارے ہر دکھ کی دوا موجود ہے، فوج موت سے ڈرتی تو شہادت کیوں مانگتی، اگر جذبہ حب الوطنی سے سرشارلوگ انتخابات میں حصہ لیں گے تو ہمارے سارے داغ دھل جائیں گے۔
آپس کی دھینگا مشتی اور گالم گلوچ سے ہم نے جو پایا ہے وہ سامنے ہے ،یہ ہم نے کیسا ملک بنایا کہ غریبی، قدم قدم امیری ٹانویں ٹانویں، وجہ سب جانتے ہیں مگر نہیں جانتے کہ 75برس ہم نے ذات کا کھیل کھیلا صفات کو گہری کھائی میں پھینکا، سیاست میں کوئی ہار جیت نہیں ہوتی کسی ایک کو جیتنا ہوتا ہے اور ہارنے والے کو شانہ بشانہ جمہوری ایوانوں میں بیٹھنا ہوتا ہے درحقیقت شفاف انتخاب ہی میں سب کی جیت ہوتی جب مقصد صالح اور ایک ہو تو پھر ملک و قوم کی جیت ہوتی ہے یہی جمہوری سیاست کا انداز ہے باقی سب کھیل کھلواڑ بے انداز ہے، ہم کیوں ایک دوسرے کو اپنوں کی نظر سے نہیں دیکھتے؟یہاں کون غیر ہے؟ کوئی بھی نہیں البتہ کچھ بھٹکے ہوئے راہی ہیں وہ بھی راہ پر لاکر اپنی قوت بڑھا ئی جا سکتی ہے ۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
امریکہ کی خوش بیانی اور ہماری نادانی
امریکہ نے کہا ہے مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کےساتھ کھڑے ہیں۔اگر خدا لگتی بات کریں تو پاک امریکہ دوستی بہت پرانی ہے ہمارے ہاں یہ دوستی مذہبی جنونیت کھا گئی اور امریکہ کی مخالفت ایک نعرہ بن گیا ہم نے اس طرح کی دشمنیوں سے کیا پایا، امریکہ نےتو آج تک ایک مسلمان کو عیسائی نہیں بنایا پھر اسلام کو اس سے کیا خطرہ، دوستی کو اسلام نے سراہا ہے دوسری قوموں کو دشمن بنانا کوئی اچھی ڈپلومیسی نہیں ہوتی چین نے پاکستان کو امریکہ سے دور ہونے یا اس کا منہ چڑانے کا درس نہیں دیا بلکہ پاکستان سے اپنی دوستی کو آسمان تک پہنچا دیا ،بھارت کو دشمن بنائے رکھنا یا بھارت کا پاکستان کو دشمن بنائے رکھنا دونوں کیلئے مسلسل نقصان کا باعث ہے خدا کرے کہ تنازعہ کشمیر حل ہو تاکہ یہ دونوں ہمسائے ایک دوسرے سے فائدہ حاصل کرسکیں، اپنا دفاع مضبوط رکھنا ہر ملک کا حق ہے ہمیں کوئی خوف نہیں ہونا چاہئے ،پاک افواج نا قابل تسخیر ہیں یہ دنیا مانتی ہے الحمدللہ پاکستانی قوم اپنی فوج سے محبت کرتی ہے اور پاک فوج ان کی حفاظت کیلئے جان کی پروا نہیں کرتی دو ایٹمی قوتیں سمجھ چکی ہیں کہ مسائل میز پر بیٹھ کر اچھے ہمسایوں کی طرح حل کئے جا سکتے ہیں بھارت کی سکھ، مسلمان، عیسائی، ہندو سب بھارتی قوم ہیں ان کے اتحاد ہی میں بھارت کا مفاد ہے ہمیں پاک امریکہ دوستی کو برقرار رکھنا چاہئے البتہ اپنی آزادی و خود مختاری کو دائو پر نہیں لگانا چاہے ہم میں کچھ لوگ امریکہ کوبرا بھلا کہنے کو اسلام کی خدمت غیر اسلامی بنیاد پر کیوں سمجھتے ہیں! امریکہ کو باور کر ایا جائے کہ ہمارے عوام امریکہ کے خیر خواہ ہیں ہماری خارجہ پالیسی ہر ملک سے دوستی کے منشور پر مبنی ہے۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
سیاست کا ڈائلسزہونے کو ہے
٭علیم خان :عوام فتنے فساد کی سیاست سے بدظن ہو چکے سیاست دانوں کو بالآخر یہ احساس ہوتا جا رہا ہے کہ اب ان کا طرز سیاست مزیددودھ نہیں دے سکتا کہ 75سال لگے اقتدار کی بھینس کو بانجھ ہونے میں۔ علیم خان بڑے زیرک ہیں انشااللہ وہ مستقبل کے فتنے فساد کی سیاست سے پاک ہونگے اور جہانگیر ترین کی قیادت میں سیاست کے گردوں کا ڈائلسز اس خوبی سے کریں گے کہ پھر کبھی 9مئی جیسا واقعہ ہو گا نہ کوئی صاحب اقتدار عوام کے ڈھلکے کاندھوں پر ہاتھ رکھ کر روئے گا ۔ہم علیم خان کیلئے دل وجان سے دعا گو ہیں ہمارا عاجزانہ خیال ہے کہ شاید سیاست کا بازار بند ہو جائے کیونکہ اب اقتدار بخش عوام کا یہ حال ہے کہ ؎
راکھ کے ڈھیر میں شعلہ ہے کہ چنگاری بہرصورت قول خدا ہی ہے کہ لا تقنطوا من رحمۃ اللہ۔
٭پی ڈی ایم کی حکو مت ا گست میں رخصت ہو جائیگی، سنگین حالات میں خوب نبھائی۔
اب آگے خدا نہ کرے کہ سنگین حالات ہوں بہرحال دوستو ایک روز ضرور وطن عزیز میں خوشحالی آئے گی بدحالی رخصت ہو گی وقت کا تعین نہیں کر سکتے کہ غیب پر ایمان رکھتے ہیں غیب کا علم نہیں رکھتے۔
٭جب امیروں پر ان کا وجود بار بن جاتا ہے دیر نہیں لگاتے عمرے کا ٹکٹ لے لیتے ہیں مقدس ترین مقام سے نئے عزم اور مطمئن دل کے ساتھ لوٹتے ہیں تو مزید برکت سے مالامال ہوتے ہیں۔
٭٭ ٭ ٭ ٭
(کالم نگار کے نام کیساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائےدیں00923004647998)