لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اتائیوں، غیرقانونی لیبارٹریوں اور بلڈبینکس کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس میں خصوصی ایچ آئی وی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاڑکانہ اور ملحق اضلاع میں ایچ آئی وی کے کیسز بڑی تعداد میں سامنے آچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاڑکانہ سے ایچ آئی وی کا دیگر علاقوں میں پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی ہیلتھ سندھ کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں اتائیوں کے خلاف پوری قوت سے ایکشن کا فیصلہ کیا ہے، غیر قانونی بلڈ بینکس اور لیباٹریوں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایچ آئی وی روکنے کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشن اور بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی اقدامات کریں، ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد لیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی کی روک تھام کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یو این ایڈز اور یونیسیف سے معاونت طلب کی ہے، لاڑکانہ ڈویژن میں تمام حاملہ خواتین کی ایچ آئی وی اسکریننگ کا بھی فیصلہ کیا ہے۔