• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قرآن پاک ہماری ریڈ لائن، جسے دنیا نے عبور کیا، فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ قرآن پاک ہماری ریڈلائن ہے، جسے دنیا نے عبور کیا ہے۔

کراچی میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قرآن کریم کی بےحرمتی کسی صورت قابل برداشت نہیں، مسلمان وسیع النظر ہیں، حضرت عیسیٰ کو بھی پیغمبر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قرآن کو اللّٰہ کی کتاب کہتے ہیں تو انجیل اور توریت کو بھی اللّٰہ کی کتاب کہتے ہیں۔ 

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ تم اپنی کتابوں کی حفاظت نہیں کرسکتے، وہ تم ہو جس نے توریت اور انجیل کا حلیہ بگاڑ دیا ہے، ہم تمام پیغمبروں کو اپنا پیغمبر سمجھتے ہیں، تم قرآن جلا رہے ہو تو تنگ نظر ہو، تم اسلام اور مسلمان کو برداشت نہیں کرسکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دنیا دیکھ سکے قرآن اور نبیﷺ کی حرمت پر امت متحد ہے، اگر مسلمان بپھر گئے تو کرہ ارض پر تمہیں جگہ نہیں ملے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ پوری مسلم دنیا سوئیڈن سے اپنے سفیر واپس بلائے، قرآن پاک ہماری ریڈ لائن ہے، دنیا نے سرخ لائن کو عبور کیا ہے، ہم مل کر مطالبہ کرتے ہیں، سفیر واپس نہ بلائے تو یہ احتجاج چلتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے قرآن کی حفاظت کریں گے، ہم محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم کو اللّٰہ کا نبی کہتے ہیں تو عیسیٰ ؑ اور موسیٰ ؑ کو بھی اللّٰہ کے نبی کہتے ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ امریکا اور مغربی ممالک سے کہتا ہوں تم نے اسلام کو ختم کرنے کے منصوبے بنائے تھے، تم نے دہشت گردی کا الزام لگا کر اشتعال پیدا کیا تھا، دنیا سے اسلام کا نام و نشان مٹانے کی ٹھانی تھی، تمہارے چہرے سے لبرل ازم کا نقاب اتر چکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسلام بھی رہے گا، ختم نبوتﷺ اور قرآن بھی رہے گا، امت مسلمہ ایسے واقعات کو اپنے خلاف اعلان جنگ سمجھتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل پاکستان میں اپنے ایجنٹ کےلیے اقوام متحدہ میں آواز اٹھاتا ہے، اپنے ایجنٹ کو تحفظ دینا ہے تو اسرائیل بلالو، یہاں ان کےلیے کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد ہم اقتدار میں ہوں گے یا نہیں لیکن اسرائیل اور ان کے ایجنٹوں کیخلاف تحریک جاری رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید