• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار نگراں وزیر اعظم بن سکتے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تمام اتحادی متفق ہوگئے تو سینیٹر اسحاق ڈار نگراں وزیراعظم بن سکتے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ امید ہے نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق موجودہ حکومت کے آخری ہفتے میں ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم سے متعلق فیصلہ جو بھی ہو کابینہ اور اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر ہوگا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ نگران وزیراعظم کےلیے بنیادی شرط یہ ہے کہ اس پر سب کا اتفاق ہو، اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو بھی نگراں وزیراعظم ہوگا اتفاق رائے سے ہوگا، سینیٹر اسحاق ڈار کے نام پر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو وہ نگراں وزیراعظم ہوں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کون ان ہے کون آوٹ ہے، کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، نگراں وزیراعظم پر پارٹی میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میرے سامنے نگراں وزیراعظم پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا، حکومت کے آخری ہفتے میں نگراں سیٹ اپ پر اتفاق ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مہینے کے آئی ایم ایف پروگرام پر نگراں سیٹ اپ میں عمل درآمد ہونا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 3 سال کے پروگرام کا معاہدہ کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مستحکم حکومت کی ضرورت ہے جس کے پاس 5 سال کامینڈیٹ ہو، سب جانتے ہیں کہ نواز شریف کو سازش کے تحت نااہل کیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے برطانیہ سے آئی رقم پر رشوت لی، اسے کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا، المیہ ہے کہ پاکستان میں موجود جوڈیشل سسٹم پر لوگوں کا اعتماد نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ مختصر سے مختصر وقت میں ہم الیکشن سے گزر جائیں، ہمیں جلدی الیکشن کروا کے مستحکم حکومت چاہیے تاکہ اصلاحات لا کر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔

قومی خبریں سے مزید