ویمن یونیورسٹی ملتان کی ایم فل کی طالبہ سے 3 افراد نے مبینہ زیادتی کی، جس کا مقدمہ تھانہ شہر سلطان میں درج کرلیا گیا۔
مظفر گڑھ پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ ایک سال قبل ملزم نے نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ طالبہ نے مزید کہا کہ ملزم نے زیادتی کی ویڈیو بھی بنائی، جس کے ذریعے بلیک میل کرکے کئی بار زیادتی کی۔
مقدمے میں طالبہ نے یہ بھی بتایا کہ کچھ عرصے قبل ملزم دبئی فرار ہوگیا اور ویڈیو اپنے 2 دوستوں کو دے دی۔
متاثرہ طالبہ کا کہنا تھا کہ ملزم کے دیگر 2 ساتھی بھی بلیک میل کرکے اُسے زیادتی کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔
مقدمے میں متاثرہ طالبہ نے بتایا کہ ملزمان نے ویڈیو اہلخانہ کو بھیج دی اور سوشل میڈیا پر بھی وائرل کردیں۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ شہر سلطان میں مقدمہ درج ہونے کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔