وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان اب تک نگراں حکومت سے متعلق مشاورت نہیں ہوئی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران امین الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنائی ہے، امید ہے ایک دو روز میں بات چیت کا آغاز ہوگا۔ نگراں وزیراعظم کے لیے جو نام کمیٹی کے سامنے آئیں گے اس پر مشاورت ہوگی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے مزید کہا کہ نگراں وزیراعظم کے لیے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی مختلف ناموں پر غور کر رہی ہے۔
امین الحق نے کہا کہ ناموں کا حتمی فیصلہ کر کے کمیٹی کے ذریعے وفاق تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں نگراں حکومت سے متعلق ابھی کوئی مشاورتی دور شروع نہیں ہوا۔