• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ انتخابات میں تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کریں گے، پرویز خٹک

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کی خوشحالی کےلیے کام کرنا ہے۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی صدارت میں پی ٹی آئی پی کا اجلاس ہوا۔ جس میں پارٹی کے دیگر اراکین نے بھی شرکت کی۔  

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی منشور اور انتخابی نشان پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کرے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں سب کےلیے دروازے کھلے ہیں، دیگر پارٹیوں کے ساتھ بھی اتحاد کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 19 اگست کو نوشہرہ میں جلسہ سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔ مانسہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان، سوات، مردان اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کریں گے۔ 

پرویز خٹک نے کہا کہ پارٹی کا نعرہ، امن ترقی اور خوشحالی ہوگا، کور کمیٹی نے منظوری دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی نے پارٹی آئین، منشور اور اغراض و مقاصد کا بھی جائزہ لیا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا کی خوشحالی کےلیے کام کرنا ہے۔ ریاستی اداروں کے ساتھ جنگ نہیں بلکہ ان کو مضبوط کرنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے اس صوبہ میں پہلے بھی عوام کی خدمت بھرپور انداز میں کی ہے۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن اور خوشحالی کےلیے کام کرنا چاہتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید