• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ کیس کی اب تک کی سماعت کو زیر التوا کیس نہ سمجھا جائے، سپریم کورٹ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر گزشتہ روز کی سماعت کا حکمنامہ جاری کر دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس کے میرٹس پر دلائل ابھی نہیں دیے گئے، کیس کی اب تک کی سماعت کو زیر التوا کیس نہ سمجھا جائے۔

حکمنامے میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت پر کسی اور بینچ کے سامنے کیس مقرر ہو سکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ کیس کی آئندہ سماعت 4 اگست کو ہو گی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 2 اگست کو کیس کی سماعت کی تھی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ممکن ہے یہ بینچ آئندہ سماعت پر دستیاب نہ ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی توشہ خانہ ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کی درخواست غیر مؤثر ہو چکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور حکم دیا، ہم صورتِ حال کو سمجھ رہے ہیں، ہم نے سمجھا تھا ہائی کورٹ آپ کو بہتر آرڈر دے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ پہلے ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں پھر سپریم کورٹ میں کیس لگالیں گے، ممکن ہے کل ہائی کورٹ ٹرائل ہی روکنے کا حکم دے دے، ہائی کورٹ سے آرڈر آنے کے بعد کیس کو سماعت کے لیے مقررکریں گے۔

قومی خبریں سے مزید