وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری توجہ کا مرکز عوامی فلاح کے منصوبہ جات تھے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومت کے کارکردگی اہداف پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں حکومتی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حکومت کے 15 ماہ میں محصولات میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، ایکٹو ٹیکس دہندگان کی تعداد میں 13 لاکھ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 90 لاکھ اضافی مستحق لوگوں تک مدد پہنچائی گئی، بجلی کے شعبے میں وصولیاں 94 فیصد رہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ چار ماہ میں آئی ٹی شعبے کی برآمدت میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا، گزشتہ مالی سال میں آئی ٹی برآمدات 2 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال میں بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب 45 کروڑ ڈالر رہیں، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
اسی طرح اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایک کھرب 80 ارب کے کسان پیکیج کے 99 فیصد اہداف حاصل کر لیے گئے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری توجہ کا مرکز عوامی فلاح کے منصوبہ جات تھے، عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کےلیے جامع پالیسیاں وضع کیں۔
انکا کہنا تھا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچا کر معیشت کو استحکام کی طرف گامزن کیا گیا، نگران اور آئندہ حکومت ہماری ادارہ جاتی اصلاحات سے مستفید ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بین الوزارتی مسائل کے حل اور تعاون بڑھانے کےلیے جامع نظام کی موجودگی پر زور دیا۔