وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر 34 ارب روپے خرچ کیے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ گزشتہ حکومت نے کیا تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک سابق وزیر کے بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو ابھی تک نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، پی آئی اے کی لینڈنگ کی وجہ سے سالانہ 71 ارب کا نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پائلٹس جو دیگر ایئر لائنز میں تھے ان کو بھی گراؤنڈ کیا گیا، معاملے پر ایک کمیٹی بنائی گئی جس کا کنوینر میں ہوں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کمیٹی میں قانون سازی اور جو کام ہو رہا ہے اس کے نتائج سے فلائٹس بحال ہوں گی، اس وقت 743 ارب روپے صرف پی آئی اے کے ذمے قرضہ ہے، 262 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی شامل ہے جو کہ بوجھ عوام کو ادا کرنا پڑتا تھا۔
وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ اس سال بھی 110 ارب روپے کا پی آئی اے کو نقصان کا خدشہ ہے۔