• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار کی فلم’مغل اعظم‘ لازوال فلم کیوں ہے؟ سائرہ بانو نے بتادیا

فلم’مغلِ اعظم‘، پوسٹر فوٹو
فلم’مغلِ اعظم‘، پوسٹر فوٹو 

بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کی فلم’مغلِ اعظم‘ کی ریلیز کے 63 سال مکمل ہونے پر اہلیہ سائرہ بانو نے اس فلم کے لازوال ہونے کی وجہ بتادی۔

سائرہ بانو نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلم’مغلِ اعظم‘ کے کچھ مشہور سین شیئر کیے ہیں۔

 اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں کسی فلم نے شائقین کے دلوں پر ’مغل اعظم‘ جیسا گہرا نشان نہیں چھوڑا۔

اُنہوں نے لکھا کہ بصیرت سے بھرپور کے آصف کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ عظیم تصنیف ہندوستانی فلم سازی کی شان و شوکت کے لازوال ہونے کے ثبوت کے طور پر کھڑی ہے۔ 

سائرہ بانو نے اپنے شوہر، مرحوم اداکار دلیپ کمار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ صاحب کی دلکش پرفارمنس اس فلم کی بنیاد کا حصّہ ہے جن کی تصویر کشی نے فلم کو چار چاند لگا دیے۔

اُنہوں نے لکھا کہ صاحب کی بطور شہزادہ سلیم  تصویر کشی بہت دلکش تھی۔ زندگی کو کردار میں ڈھالنے کی ان کی صلاحیت، خواہ پھر وہ منظر نرم رومانوی ہو یا شدید بغاوت سے بھرپور قابلِ دید ہوتا ہے، ان کی شاندار اداکاری نے جذبات کی ایسی لہر پیدا کی جو آج تک شائقین کے دلوں میں گونجتی ہے۔

سائرہ بانو نے لکھا کہ فلم وقت کی حدوں کو عبور کرتے ہوئے آسانی سے شائقین کو مغل خاندان کے شاندار دور تک لے جاتی ہے۔ 

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ فلم کی تکمیل بذات خود کسی ایک زبردست کہانی سے کم نہیں کیونکہ اس کی شوٹنگ 10 سال تک جاری رہی تھی۔

واضح رہے کہ فلم ’مغل اعظم‘ کی ہدایت کاری کے آصف نے کی تھی اور اس فلم میں پرتھوی راج کپور، مدھوبالا اور درگا کھوٹے نے بھی اپنی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید