• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسروں کو چور چور کہنے والا آج خود جیل میں ہے، وزیراعظم شہباز شریف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دوسروں کو چور چور کہنے والا آج خود جیل میں ہے، یہ سب مکافاتِ عمل ہے۔

اسلام آباد میں مختلف صحافتی تنظیموں اے پی این ایس، پی بی اے، سی پی این ای کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس بات پر مکمل اتفاق ہے کہ جتنی جلدی الیکشن ہوں بہتر ہے۔

وزیراعظم نے اس دوران توشہ خانے میں موجود تحفوں کی نیلامی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیلامی کی رقم یتیم بچوں کے اداروں پر خرچ کی جائے گی۔

صحافتی تنظیموں کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں تباہی پھیلائی، چور ڈاکو کا نعرہ لگایا، آج وہ شخص جیل میں ہے، یہ مکافات عمل ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے کاموں سے فرصت نہیں تھی، کام کرنے والے لوگ بھی پکڑے جانے سے ڈرتے ہیں۔ بگاڑ تب درست ہوگا جب قوم کو اکٹھا کریں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں زہر گھول دیا گیا ہے، قوم میں اتنا زہر گھول دیا گیا ہے کہ اسے ٹھیک کرنا آسان نہیں ہوگا۔

انکا کہنا تھا کہ ریاست اگر نہ بچتی تو ادویات کےلیے میڈیکل اسٹورز اور فیول کےلیے پیٹرول پمپ پر لائنیں لگیں ہوتیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوگیا، آئی ایم ایف نے سبسڈی دینے سے روک دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ دوست ممالک فنڈز دینا چاہتے تھے کہتے تھے آئی ایم ایف سے اپنے معاملات طے کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اللّٰہ تعالیٰ نے ہر چیز دی ہے، سوچ بن گئی ہے کہ بس کام نہیں کرنا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کہتے ہیں تجارت کریں، منصوبے لے کر آئیں۔ سعودی عرب سے آج ایک اور وفد آرہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ 4 سال میں تعلقات کو خراب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ملک کی معاشی ریکوری کا پروگرام ہے، ایس آئی ایف سی گیم چینجر ہے۔ اس پروگرام سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملے گا، ایکسپورٹس بڑھیں گی۔

مردم شماری پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی سی آئی نے مردم شماری کو منظور کیا ہے، کل صدر مملکت کو اسمبلی تحلیل کرنے کےلیے لکھ دوں گا۔

قومی خبریں سے مزید