• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس میں مریم اورنگزیب کو خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے آخری اجلاس میں وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نےکہا کہ 16 ماہ میں وزراء نے اپنی وزارتوں اور مریم اورنگزیب نے سب وزارتوں کیلئے کام کیا، وزیر اطلاعات اور ان کی ٹیم نے حکومتی مؤقف اجاگر کرنے میں محنت اور مثالی جذبے سے کام کیا۔

مولانا اسعد محمود نے کہا کہ مریم اورنگزیب اور ان کی وزارت نے بلاشبہ شاندار کام کیا، انہوں نے نے ہماری وزارتوں کی کارکردگی اور مؤقف کو بھی میڈیا میں نمایاں کیا۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ مریم اورنگزیب اپوزیشن میں جس جذبے سے کام کرتی تھیں، حکومت میں اس سے بڑھ کر کام کیا، انہوں نے ہم سب کی مدد کی اور وزارت اطلاعات کو کامیابی سے چلایا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شازیہ مری نے کہا کہ مریم اورنگزیب کی کاکردگی قابل تعریف ہے، انہوں نے تمام جماعتوں کی ترجمانی کی۔

شیری رحمان نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات کو بڑی کامیابی سے چلایا اور ایک مثال قائم کی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے جس محنت، توجہ اور پروفیشنل ازم کا مظاہرہ کیا وہ متاثر کن ہے۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور وزارتوں کی کارکردگی پر رپورٹ بھی پیش کی، 16 ماہ کی حکومت کی کارکردگی پر وزارت اطلاعات کی تیار کردہ شو ریل بھی کابینہ کو دکھائی گئی، وزیراعظم اور کابینہ نے رپورٹ اور شو ریل کے معیار کو سراہا۔

قومی خبریں سے مزید