اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار کو کل صبح 10 بجے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس بابر ستار نے آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور آئی جی اسلام آباد کو بھی کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گزشتہ تین ماہ کے دوران مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت تمام آرڈرز کا ریکارڈ پیش کریں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ وہ افراد بھی پیش ہوں جنہوں نے معلومات دیں کہ شاندانہ گلزار نقص امن کیلئے خطرہ ہیں۔
حکم نامہ میں کہا گیا کہ آئی جی پولیس شاندانہ گلزار کی کل عدالت پیشی کو یقینی بنائیں، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بھی شاندانہ گلزار کی کل عدالت پیشی کو یقینی بنائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کل کیس کی دوبارہ سماعت کریں گے۔