لندن سے جرمنی جانے والی فلائٹ پر سوار برطانوی خاتون نے دوران سفر پیش کیے جانے والے مونگ پھلی کے تمام پیکٹس خرید لیے تاکہ کیبن کریو اسے دوسرے مسافروں میں تقسیم نہ کرسکیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ خاتون مونگ پھلی سے الرجی کے مرض میں مبتلا ہے۔
برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیہا ولیمز نامی خاتون کے مطابق وہ یورو ونگز کی لندن سے ڈوسلڈروف (جرمنی) جانے والی فلائٹ پر سفر کرر ہی تھیں۔
اس دوران جب کیبن کریو مسافروں میں اسنیکس بانٹنے کی تیاری کرنے لگے تو اس نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو آگاہ کیا کہ وہ الرجی کی مریضہ ہے لہٰذا مسافروں میں مونگ پھلی تقسیم نہ کرسکیں۔
تاہم اس کا دعویٰ ہے کہ کیبن کریو نے اس کی صحت کے مسائل پر توجہ دینے یا ہمدردی کرنے کے بجائے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔
جس پر اسے مجبورًا مونگ پھلی کے تمام پیکٹس خریدنا پڑے تاکہ مسافر اسے استعمال کرکے اس کی زندگی خطرے میں نہ ڈال سکیں۔ اس نے مونگ پھلی کے 48 پیکٹس 184 ڈالرز ادا کرکے خرید لیے۔
یاد رہے کہ یہ رقم اس کے اس فضائی سفر کے ٹکٹ سے تین گنا زیادہ تھی، تاہم اب وہ چاہتی ہے کہ اسے یہ رقم واپس کی جائے۔