نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ اقلیتوں کا تحفظ کریں گے اور انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
نگراں وزیراعظم نے کابینہ کے پہلے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست یا معاشرہ ایسے عناصر کے ساتھ نہیں۔ انتہا پسندی کسی بھی شکل میں ہو اس کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتشار ہو تو کسی قسم کا حکومتی نظام نہیں چل سکتا، رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی آئے گی۔ 9 مئی کو ریاست کے دفاعی نظام پر حملہ کیا گیا اور جس نے بھی اس دن قانون کی خلاف ورزی کی اس کے خلاف بغیر کسی خوف و رعایت کارروائی ہوگی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن پر عمل کر کے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ یقین ہے اللّٰہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کریں گے، مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جس کے پاس معدنیات ہیں، ایک تجربہ کار اور بہترین ٹیم ہے اور مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ معاشی مسائل کو حل اور ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شدت پسند رویے کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اسے قانون سے روکا اور کنٹرول کیا جائے گا، ہماری ہر سرگرمی کا پیسہ عوام دیتی ہے، ہم مالی ڈسپلن لائیں گے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایک، دو یا ساڑھے 3 ماہ جتنے عرصے کے لیے ذمے داری ملی ہے اسے عملی اقدامات سے نبھائیں گے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوش کریں گے، تمام وزرا سے امید کرتا ہوں کہ اپنی وزارتوں میں بھرپور کام کریں گے۔