کراچی کے علاقے احسن آباد میں شہریوں نے کےالیکٹرک کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
کےالیکٹرک کے عملے نے تشدد میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، فوری طور پر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
احسن آباد کے سیکٹر ون میں کےالیکٹرک کی ٹیم کنڈا لگائے جانے کی اطلاع پر پہنچی تو وہاں موجود شہریوں نے عملے پر حملہ کردیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس دوران ایک شخص نے پستول بھی نکال لیا اور عملے کے ایک رکن کے سر پر پستول کے بٹ مارے جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
عملے کا کہنا تھا کہ اس دوران مزید لوگ جمع ہوگئے اور سب نے مل کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس حکام کے مطابق کےالیکٹرک حکام نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
تشدد میں ملوث افراد علاقے سے فرار ہوگئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔