• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا دیکھ لے پاک فوج کاثانی نہیں

76برس بیت چکے، ہمارے سیاسی نظام کی کارکردگی یہ ہے کہ ہم آغاز پر کھڑے برے انجام سے دو چار ہیں اگر ہماری پاک فوج بھی ’’اُن‘‘پر گئی ہوتی تو آج کیا ہم اپنے وطن کی کوئی گارنٹی دے سکتے، پاک فوج نے جس مشن امپاسبل کو بہترین پیشہ ورانہ عبادت اور مجاہدانہ جذبہ سے ممکن کر دکھایا، وہ دنیا کی عسکری تاریخ کا ایسا حیرت انگیز کارنامہ ہے جو دنیا بھر کی افواج کیلئے قابل تقلید مثال ہے، عساکر پاکستان ایک طرف روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں سے نبرد آزما، ہر طلوع آفتاب کے ساتھ جانوں کا نذرانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے حضور پیش کرنے کا نہ تھمنے والا سلسلہ، قدرتی آفات کا بھی شہادتیں دے کر مقابلہ، عوام کیلئے صحت کے کیمپ بھی فوج لگا رہی ہے، الغرض اس ملک کو ہر جانب سے جذبہ ایمان سے سرشار جوانوں نے ہر رینک سے اٹھ کر مسلسل سنبھالا دیا ۔ یہ بات سویلین حکومتوں اور سیاستدانوں کیلئے چشم کشا ہے۔ چھ جوانوں نے دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جنت کا استحقاق پا لیا، آرمی چیف نے چھ مجاہدین پاک فوج کے جنازوں میں شرکت کی وہ پریشان نہ ہوں، ان کے سینے میں قرآن محفوظ ہے وہ حافظ قرآن ہیں، ان کی یہ صفت ہمارے لئے خوشی اور تسلی کا باعث ہے، ان شاء اللہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ان ہی کے ہاتھوں ہوگا، بھارت کے مذموم عزائم بھی ظاہر ہو رہے ہیں پاکستان کی حدود میں بھارتی فوج کے ہاتھوں سفاکانہ قتل اس کا ثبوت ہے۔ پاک فوج نے مناسب موقع و مقام پر بھارتی فوج کو حساب برابر کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے، شہدا زندہ و پائندہ ہیں، انہیں رزق دیا جاتا ہے اور خوش و خرم اپنے رب کے پاس ہیں، ہماری پوری قوم سے مودبانہ گزارش ہے کہ اپنی فوج کا احترام کریں کہ وہ ہماری زندگیوںاور اسلامی جمہوریہ پاکستان کو 76 برس سے محفوظ کئے ہوئے ہے۔ ہمیں اپنے قلعے کی دیواروں کو کمزور کرنے کی ہر گز کوشش نہیں کرنا چاہیے۔ بلاشبہ پاک فوج اور اس کے آرمی چیف ہمارے محسن ہیں۔

٭٭٭٭

انسان تو انسان موسم بھی نہ چھوڑے

ان دنوں وطن عزیز میں انسانی زندگی، عزت، دولت تو عدم تحفظ کا شکار ہے کہ ہم نے اپنے موسموں کو بھی دور بھگا دیا ہے، اس لئے کہ اس ملک میں پلوشن گھٹانے کا کیا اس کے بڑھانے کا خصوصی انتظام موجود ہے، ایک زمانہ تھا خزاں کے بعد بہار، اور گرمی سردی اپنے وقت پر آتی، اس طرح اہل وطن چار موسموں سے لطف اندوز ہوتے، مگر اب تو حبس بیجا کا دور ہےکہ جانے کا نام نہیں لیتا، آخر ایسا کیوں ہے؟ اب کوئی شاعر وطن بہار پر نظم بھی نہیں لکھتا، البتہ جان بہاراں پر غزلوں کی بھرمار ہے آخر کیوں؟لگتا ہے ہم نے اور حکومتوں نے مل کر ماحول کو کچرا بنا دیا ہے۔ اور یہ کہ ہمارے ایک دوسرے سے رویے کس قدر برہم ہیں۔ یاد رہے ایسی بپتا اوپر سے نیچے آتی ہے، ایک طبقے نے سب کچھ سیکھ لیا کہ ہر بلندی ان کی گرفت میں ہے اورباقی سارے نچلے طبقات کو ارادتاً ان کے بدلے حالات کے حوالے کردیا گیا، ایک طرح سے لٹا پٹا خاندان کہہ دیا ہے، ظالموں کے ہاتھ بہت لمبے ہیں، وہ کسی وقت ہمیں غائب کرسکتے ہیں، ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے مگر ظلم کی بستی میں کوئی نہیں جوحفاظت کا بندوبست کرے، ظالم ہر سیاسی جماعت کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اس لئے نظر نہیں آتا کہ سندھ کے اس خاندان مظلوماں کا کوئی ساتھ دینے والا ہو، پولیس کیوںسفید کپڑوں میں مظلوم کنبے کو دھمکاتی ہے، وزیر اعظم خدا ترس ہیں، ثواب کما سکتے ہیں، بل بڑھتے جا رہے، بجلی گھٹتی جا رہی ہے ایسے میں بہار کیسے آئے؟ہمارے سارے موسم ہم سے چھین لئے گئے ہیں۔ ساڑھے چھ روپے فی یونٹ لاگت کی بجلی 60 روپے فی یونٹ صارفین کو دی جا رہی ہے ،چنانچہ بجلی انہیں براستہ ظلم و ستم فراہم کی جاتی ہے، ایک طبقہ ہے بل دیتا ہے نہ اپنی جیب سے خرچ کرتا ہے، پھر بھی کہتے ہیں کہ موسمی آفات نے تباہ کردیا، ہم میں سے ہی کچھ نفوس ’’قدسیہ‘‘ ہیں جو ہر غم سے آزاد اقتدار کی ڈولی میں بیٹھنے کیلئے بے تاب رہتے ہیں، کچے کے ڈاکوپیروں کے ہاتھوں برباد خاندان کو دھمکی دے رہے ہیں کہ پیروں کی حویلی کو کوئی میلی آنکھ سے بھی دیکھےگا تو اس کی خیر نہیں۔ کیسے پھر روٹھی بہارِ وطن کیونکر گھر لٹے؟

٭٭٭٭

گلی محلوں کے ہسپتال

اگر حکومت گلی محلوں میں موجود چھوٹے ہسپتالوں پر بھی ایک مانیٹرنگ نگاہ ڈالے تو عوام کو اپنے علاج کی سہولت گھر کی دہلیز پر مل سکتی ہے کہ کیئرٹیکر حکومت کے وزیر صحت ان ہسپتالوں کا معائنہ کریں، ان کے پورے سٹاف کی اہلیت کو چیک کریں، ہمارا ذاتی مشاہدہ ہے، ایک ویلفیئر ہسپتال جو کینال بینک کے مین بازار میں موجود ہے اس کی فارمیسی کی ناقص ادویات سے لے کر ایمرجنسی وارڈ تک ناقص بھرتی کی گئی ہے اس ہسپتال کو مخیر حضرات بھاری فنڈز بھی دیتے ہیں لیکن اس میں غیرتسلی بخش نااہل عملے نے مریضوں کو آگے لگا رکھا ہے، اس کی مالک ایک معروف خاتون ہیں جو مخلص ہیں مگر ان کو اپنے ایم ایس کی بدنظمیوں کا علم نہیں، وہ ہسپتال کو اپنی مرضی کے مطابق چلاتے ہیں اور ڈاکٹروں کی بھی نہیں سنتے، اس نوعیت کے بیشتر ہسپتال پورے ملک کی گلیوں ، محلوں میں موجود ہیں جو انسانی صحت سے کھل کھیلتے اور دولت ہر طرح سے سمیٹ رہے ہیں، اگر صحت کی وزارت ذرا سی توجہ دے تو بڑے سرکاری ہسپتالوں پر لگی لمبی قطاریں مختصر ہوسکتی ہیں۔ اسٹاف کو باقاعدہ سفید کوٹ میں ملبوس ہونے کا پابند بنایا جائے، لیبارٹری، فارماسسٹ کا جائزہ لیا جائے،یہ ہسپتال اگر ویلفیئر کیٹگری میں آتے ہیں تو ان کو وزارت صحت فنڈز مہیا کرے اور آل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بھی ان اسٹریٹ ہاسپیٹلز کا معائنہ کرے کہ وہاں عملہ سامان اور ادویات جو وہ اپنی فارمیسی سے قیمتاً فراہم کرتے ہیں وہ کیا ایک نمبر ہوتی ہیں، ذمہ داران حکومت اس سلسلے میں راست اقدام کریں، یہ معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس سلسلے میں معمول کے تساہل سے کام نہ لیا جائے، میڈیا وہی کچھ بیان کرتا ہے جو دیکھتا ہے۔ ملک میں موجود تمام بڑی لیبارٹریز ٹیسٹوں کی مد میں اتنی قیمت وصول کرتی ہیں کہ مریض کے پاس علاج کے پیسے نہیں بچتے، لیبارٹریز کی فیسوں کو کم کرکے ہر ٹیسٹ کے یکساں نرخ مقرر کئے جائیں۔

٭٭٭٭

خدا پرستی یا پیر پرستی کسی ایک کا انتخاب کریں

...Oاس وقت ملک میں پیری مریدی کا دھندا زوروں پر ہے، سندھ میں بالخصوص اور باقی صوبوں میں بالعموم عیاش، بااثر اور دولت مند پیر مافیا زور شور سے سرگرم ہے، ان پیروں کی اصلیت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ ان کی حفاظت کے لئے کچے کے ڈاکو آگئے ہیں، انہوں نے ایس پی کو دھمکی دی ہے کہ ادھر کا رخ کیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے۔ یہ ناسور اس پاک وطن سے جڑ سے ختم کرنے کا وقت آگیا ہے اور یہ سلسلہ پیروں کے خرقۂ سالوس میں مسلسل جاری ہے۔ یہ بدقماش لوگ تصوف، صوفیہ کرام اور اولیا اللہ کی مقدس حیثیت پر ڈاکا ڈال چکے ہیں۔ وزیر اعظم اس پیر مافیا کے خاتمے کےلئے ازخود نوٹس لیں اور بالخصوص پولیس اور اس کے اعلیٰ افسران کو پیروں کے گزند سے بچانے کے لئے اقدامات کریں۔

...Oظلم کی لہر جنگل کی آگ کی طرح پھیل رہی ہے، کیا لاالہ کی بنیاد پر قائم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ستم بالائے ستم اتنے رنگ دکھا سکتا ہے؟ یہ کسی نے سوچا بھی نہ تھا۔ یہ ظلم کئی شعبوں میں کئی شکلوں میں 25 کروڑ پاکستانیوں کو مسلسل ڈس رہا ہے، ایک کشا کشی ہے سب کے درمیان، انا، اقتدار اور مقدمات کی آگ ہے کہ بھڑکتی جا رہی ہے۔ ایک جوان کو پاک سرزمین پر چار افراد نے ہاتھ پائوں باندھ کر پٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا، کیا کوئی روکنے والا ہے ظلم کی اس ہمہ گیر لہر کو، مقتول کا جرم کچھ بھی ہو لیکن اسلام اور اخلاقیات تو ایک چیونٹی کو بھی جلانے کی اجازت نہیں دیتا، آخر یوں قانون کو ہر مقام پر ہاتھ میں لینے کا سلسلہ کیا ہمیں چاند کے بجائے پاتال میں نہیں پہنچا دے گا۔فَاعْتَبِرُوْا یَا اُوْلِی الْاَبْصَار۔

٭٭٭٭

تازہ ترین