امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک ریسٹورنٹ نے باوردی اور مسلح پولیس اہلکاروں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا۔
سان فرانسسکو پولیس ڈپارٹمنٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ 'ریم' نامی ریسٹورنٹ چَین نے پولیس اہلکاروں کا داخلہ ممنوع قرار دیا ہے۔
محکمہ پولیس نے کہا کہ ہم 'ریم' سمیت کسی بھی ریسٹورنٹ کو یہ نہیں کہہ رہے کہ ہمارے افسران کو داخلے کی اجازت دے، ہم یہ چاہتے ہیں کہ ریسٹورنٹ اپنی اس امتیازی پالیسی کو تسلیم کرے اور باہر ایک بورڈ آویزاں کرے تاکہ ہمارے افسران آف ڈیوٹی ہونے پر بھی یہاں کا رخ نہ کریں۔
ریسٹورنٹ 'ریم' کا کہنا ہے کہ ہم پر اپنی کمیونٹی میں سماجی اور نسلی مساوات کو بہتر بنانے کی ذمہ داری ہے، اس میں ہمارے تمام صارفین اور عملے کا تحفظ بھی شامل ہے۔
ریسٹورنٹ کا کہنا تھا کہ اس دور میں مسلح تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور ہم اپنی جگہ پر اسلحہ کو ممنوع قرار دینے کی سخت پالیسی کا نفاذ جاری رکھیں گے جس سے یہ محفوظ رہ سکے گا۔