کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ساکنان شہر قائد کے نام سے عالمی مشاعرہ روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 دسمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس محمود اے خان پر مشتمل سنگل بینچ نے ساکنان شہر قائد عالمی مشاعرہ کیخلاف دائر دعوی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ ندیم احمد شیخ ایڈوکیٹ کے توسط سے دائر دعوے میں محمود احمد خان اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ ندیم اے شیخ نے کہا کہ مدعی تنظیم گزشتہ 30سال سے ایکسپو سینٹر کراچی میں مشاعرہ کراتی آئی ہے۔ مشاعرے کے انعقاد کے لیے ٹڈاپ سے ایکسپو سینٹر حاصل کیا جاتا ہے۔ تاہم محمود اے خان نامی شخص نے جنوری 2025میں عالمی مشاعرے کا اعلان کیا ہے۔ ہم نے فروری 2025میں مشاعرے کا پروگرام بنایا ہے جسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔