• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندوستانیت اور ہندتوا

جب سے برطانوی سامراج برصغیر کو آزادی دے کر رخصت ہوا ہے منظر پر نمودار پاکستان، بھارت دو آزاد ریاستیں وجود میں آئیں اور اس خطے میں ان دونوں ملکوں میں حق ہمسائیگی پامال ہونے کا آغاز ہوا جو آج بھارتی انتہا پسندی اور ہندوتوا کے نتیجے میں اپنی انتہا کو پہنچ گیا ہے، کشمیر پر حق خود ارادیت کی قرار دادوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ پوری انسانی دنیا کو نظر آتا ہے مگرمظلوم کشمیریوں کو ان کا حق آزادی نہیں دیا گیا، آج سرحد پار سے بھارت کے 40 کروڑ مسلمانوں پر جس طرح کے مظالم انتہا پسند ہندوئوں کی طرف سے وہاں کے متعصب ہندو حکمران ڈھا رہے ہیں وہ پوری دنیا کے لئے ایک روزافزوں خطرہ ہے جس کا ادراک ہونے کے باوجود کسی جانب سے کوئی عملی اقدام نظر نہیں آ رہا۔ اس وقت انتہا پسند ہندوتوا بھارتی وزیر اعظم کو ظلم کا استعارہ بنا چکا ہے، اقلیتوں کے ساتھ جو ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے اس میں کوئی کمی نہیں آرہی، امریکا بہادر ہو یا اقوام متحدہ بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی کا کوئی نوٹس نہیں لے رہے، سیکولر ہندوستانیت کو آل انڈیا نیشنل کانگریس کے زعما کیوں زندہ نہیں کرتے؟ اگر بھارت میں انتہا پسندانہ انسانیت سوز کارروائیاں اسی طرح جاری رہیں تو ہم پوری بھارتی قوم کو یہ بتانا ضروری سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے حکمرانوں کو اعتدال پر لائیں ورنہ ان کا ملک اپنی ہی لگائی آگ کی نذر ہو جائے گا، پاکستان کے طول وارض میں دہشت گردی پر کون کون تیل چھڑک رہا یہ ہمیں بھی معلوم ہے اور پوری انسانی بستی کو بھی، واضح رہے کہ ہمیشہ بھارت ہی کی طرف سے بھرپور جارحیت ہوئی جبکہ پاکستان مدافعانہ پالیسی پر کاربند ہے، یہ پوری دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ برصغیر پاک و ہند میں دو ایٹمی قوتیں آمنے سامنے ہیں۔ اس انسانی دنیا کے مفاد میں ہے کہ بڑی قوتیں بھارت کو اعتدال پر لائیں۔

٭٭٭٭

سب نے خطا کی کوئی مانتا نہیں

خدایا ہم سب خطا کار ہیں اب لمحہ اعتراف ہے لیکن اب بھی اگر ہر فرد قومی سطح پر اپنی سوچ کو لے آئے تو اس کی ذات کےساتھ اوروں کا بھی بھلا ہوگا، بہت ہو چکی اب ہمیں سب اختلافات بھلا کر صراط مستقیم پر جادہ پیما ہو جانا چاہیے۔ اگر کوئی ارادہ کرلے کہ وہ اپنے قول و فعل سے کسی کا نقصان کرے گانہ دل دکھائے گا، تو بخدا یہ معاشرہ بہتری کی طرف لوٹ آئے گا، ہمیں اندازہ ہے کہ ہماری اکثر برائیاں اور جرائم حالات اور باہمی سخت رویوں کا جبر ہیں تو اس کے لئے حکمرانوں، ارباب سیاست اور دانشوروں کو آگے آنا چاہیے، جنگل میں ناچنے والے سارے مور، مورنیاں عوام کے میلے میں آ کر اپنا علم و فن دکھائیں تاکہ بہتر نتائج نظر بھی آئیں۔ محض باتوں اور لفظوں سے کچھ نہ ہوگا اب اس پیارے وطن کو شاد آباد رکھنے کے لئے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اگر کسی بستی میں ظلم ہو رہا ہو اور وسیع پیمانے پر تو ظالموں کا ہاتھ روکنا ہر باسی کا فرض ہے، اور اگر یہ نہیں کرسکتے تو پھر دین بھی یہی کہتا ہے کہ اس بستی کو چھوڑ دو، ویسے آپس کی بات ہے کہ ہم میں کوئی بھی ملک کی بہتری سے انکاری نہیں مگر یہ انسانی فطرت ہے کہ ہر فرد دیکھتا ہے کہ کسی نے اچھائی کی طرف قدم بڑھایا یانہیں، جونہی کوئی انسان بارش کا پہلا قطرہ بنتا ہے بارانِ رحمت ساری بستی کو صاف کرکے ہرا بھرا کردیتا ہے اور اگر ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہے تو ہم عوام ہوں، حکومت ہو، سیاسی قائدین ہوں کوئی بھی کچھ نہیں کرسکے گا۔

٭٭٭٭

ایک ہی راستہ... اجتماعی قومی مفادات فورم

سیاسی پولرائزیشن اس وقت عروج پر ہے اور ہماری قومی سطح پرعاقبت نا اندیشی میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ، یہ وہ روگ ہے جس نے ہمیں وہاں لاکھڑا کیا ہے کہ نہ پائے ماندن نہ جائے رفتن، اگر ماضی کی غلطیوں اور اچھائیوں کو سامنے رکھ کر ہم من حیث القوم، بالخصوص اہل سیاست حلف لے کر ایک فورم میں شامل ہو کر ایک وسیع تر قومی ایجنڈا طے کرلیں تو ملک جو ایک جگہ ٹھہر گیا ہے آگے بڑھ سکتا ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے سب کو اپنی ذات سے بالاتر ہو کر مشترکہ متفقہ طویل المیعاد پروگرام پر عمل پیرا ہونا ہی پڑے گا، باقی رہی سیاست، انتخابی بیانیہ تو ہر جماعت اپنے اپنے منشور پر چلے،جسے بھی رب ذوالجلال اقتدار دے وہ کرسی کا حق ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں کما حقہ ادا کرے، ہم اب مزید ناپسندیدہ طرز عمل کا بوجھ اٹھاتے رہیں گے تو ہم غریب ہوں یا امیر خوش نہیں رہ سکیں گے، دل کا سکون نہ پاسکیں گے، کچھ بھی ہو جائے کیسا بھی اختلاف ہو حسن اخلاق کو ترک نہ کریں، ذرا جرم کی رفتار تو دیکھیں کہ پاک وطن کا کوئی گوشہ اس سے خالی نہیں، 76 سالہ غفلت کے سیاہ بادل کیسے چھٹیں گے کیا ہم اس کے لئے کبھی راہ راست پر نہیں آئیں گے؟ اگر ہمارا مائند سیٹ درست نہ ہو گا تو یہ سیاسی کشمکش ہمیں مکمل تباہ کردے گی، جو ہوگیا سو ہوگیا حالات کی ستم ظریفی ہمارے ہی ہاتھوں کی کمائی ہے،یہ تو ہمارے کریم و رحیم اللہ سبحانہ و تعالیٰ کا خصوصی فضل ہے کہ اب تک بچے ہوئے ہیں، اچھے کام بھی ہوئے ہیں مگر برے کاموں کا گراف کافی اونچا ہے، یہ مہنگائیاں تو امریکا، برطانیہ اور کئی دیگر ملکوں میں بھی آتی ہیں مگر ان کے حکمرانوں کی بہتر حکمت عملی نے عام آدمی کی ناک کا آخری سرا نہیں جلنے دیا اور ہمارا عام آدمی خودکشی پر مجبور ہے۔

٭٭٭٭

پاکستان ہے تو ہم ہیں

o ...نگران وزیر اعظم بھوکے ننگے عوام سے اب اس کے سوا کیا کہہ سکتے ہیں: پپو یار تنگ نہ کر!۔

o ...کیا عوام کو معلوم نہیں کہ حکومت کے پاس ان کا خیال رکھنے کے سوا کچھ نہیں، الیکشن ہونے دیں پھر جو حکومت آئے گی ان کے سامنے پرامن احتجاج کریں، وہ بھی کیئرٹیکر حکومت کا جملہ دہرائے گی۔

o ... پرویز الٰہی رہائی پا کر بھی اسلام آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار۔’ڈاہڈی مشکل پے گئی خان دی یاری!‘

o ... تجزیہ کار:کیا عوام کا غصہ الیکشن میں یا کسی اور صورت میں سامنے آئے گا؟

ان کے پیٹ میں کچھ ہے نہیں خالی پیٹ غصہ کہاں سے آئے گا۔ اس وقت سٹاک میں جتنے بھی موجود ہیں ان میں سے کسی کو ووٹ دینے سے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا ہاں فی سبیل اللّٰہ ووٹ دینا ہے تو شوق سے دیں۔

o ...پاکستان سے محبت کرنے والے ہیرو ورشپ نہ کریں، ہر فرد ملت کے مقدر کا ستارہ تب بن سکتا ہے کہ وہ اپنی ترقی کا محور پاکستان کی ترقی کو بنائے۔

٭٭٭٭

تازہ ترین