• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ: پرویز الہٰی کی نظربندی معطلی کا تحریری حکم نامہ جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الہٰی کی ایم پی او کے تحت نظربندی معطل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ 

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے 8 صفحات پر مشتمل حکم نامہ جاری کیا۔ 

عدالت نے قرار دیا کہ بادی النظر میں پرویز الہٰی کی ایم پی او کے تحت نظربندی کا آرڈر خلاف قانون ہے۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ بادی النظر میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا آرڈر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ورزی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ بظاہر پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے والے افسران و اہلکاروں نے توہین عدالت کی ہے۔

تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ میں اس عمل کے خلاف باقاعدہ کارروائی شروع ہوچکی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ آئی جی اسلام آباد اور دیگر ذمہ داروں کو نوٹس جاری کر چکی ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ جن اہلکاروں نے عدالتی حکم کے باوجود پرویزالہٰی کو گرفتار کیا ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع ہوچکی۔

عدالت عالیہ نے حکم نامہ میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی کارروائی شروع کی ہے، لاہور ہائیکورٹ آئی جی اسلام آباد اور دیگر کو نوٹس جاری کرچکی ہے۔

حکم نامہ میں یہ بھی کہا گیا کہ پرویزالہٰی آئندہ سماعت 12 ستمبر کو عدالت کے سامنے پیش ہوں، ڈی سی اسلام آباد 12 ستمبر تک جواب جمع کروائیں۔

قومی خبریں سے مزید