وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ کا کہنا ہے کہ پاک چین سیاحت کے سال کی تقریبات سے ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔
پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور پاک چین دوستی ایسوسی ایشن خیبر کے زیرِ اہتمام تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وصی شاہ نے کہا کہ ہم پاکستان اور چین کے درمیان گہرے ہوتے ثقافتی اقتصادی تعلقات کا سال منارہے ہیں۔ چین، قدیم روایات اور جدید عجائبات کی سر زمین طویل عرصے سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
وصی شاہ نے کہا کہ چینی شہریوں کے لیے بدھ اِزم سے متعلق بھی پاکستان میں دیکھنے کو بہت کچھ ہے، چینی سیاح اب ای پورٹل کے ذریعے سیاحتی ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
اس موقع پر چین کے ثقافتی قونصلر زینگ ہینگ نے کہا کہ پاکستان ثقافتی اور مذہبی ورثے سے مالا مال ہے کیونکہ دونوں ممالک کی تہذیبوں کی ایک لمبی تاریخ ہے۔